لوک سبھا انتخابات: ایم پی میں چھ سیٹوں پر جمعہ کو ووٹنگ، 1.13 کروڑ ووٹر کریں گے 91 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ
بھوپال، 18 اپریل (ہ س)۔ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں مدھیہ پردیش کی چھ لوک سبھا سیٹوں - سیدھی
لوک سبھا انتخابات: ایم پی میں چھ سیٹوں پر جمعہ کو ووٹنگ، 1.13 کروڑ ووٹر کریں گے 91 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ


بھوپال، 18 اپریل (ہ س)۔ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں مدھیہ پردیش کی چھ لوک سبھا سیٹوں - سیدھی، شہڈول، منڈلا، بالاگھاٹ، جبل پور اور چھندواڑہ کے لیے جمعہ کو صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ بالاگھاٹ کے نکسل متاثرہ بیہر، لانجی اور پرسواڑا اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ دو گھنٹے پہلے شام 4 بجے ختم ہو جائے گی۔ پرامن ووٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی نیم فوجی دستے، ریاستی مسلح افواج، ضلعی پولیس دستے اور ہوم گارڈ کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 1.13 کروڑ ووٹر اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ ان چھ سیٹوں پر 91 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ ان میں سے جبل پور میں 19، سیدھی میں 17، شہڈول میں 10، بالاگھاٹ میں 16، منڈلا میں 14 اور چھندواڑہ میں 15 امیدوار میدان میں ہیں۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے جبل پور سمیت پہلے مرحلے کے تمام چھ لوک سبھا حلقوں میں بھرپور مہم چلائی۔ ان علاقوں میں 40 سے زائد میٹنگیں، 30 سے زائد مقامات پر روڈ شو، 25 سے زائد مقامات پر ورکر کانفرنسیں منعقد کی گئیں۔ ساتھ ہی کانگریس نے بھی ان سیٹوں کو جیتنے کے لیے اپنی پوری طاقت جھونک دی۔ کانگریس کی طرف سے درجنوں جلسے اور ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ پہلے مرحلے میں وندھیہ مہاکوشل کی تمام سیٹوں پر بی جے پی اور کانگریس کے درمیان بڑا مقابلہ مانا جا رہا ہے۔

ووٹروں کی سہولت کے لیے مذکورہ 6 پارلیمانی حلقوں میں پولنگ کے دن (19 اپریل) کو عام تعطیل ہوگی۔ ریاستی حکومت نے نیگوشی ایبل انسٹرومنٹ ایکٹ کے سیکشن 25 میں دیئے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پولنگ کے دن متعلقہ علاقوں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ شہری ووٹر ٹرن آوٹ ایپ اور سی ای او ایم پی کی ویب سائٹ سے ووٹنگ فیصد کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔

ہندوستھان سماچار//سلام


 rajesh pande