پٹنہ، 9 دسمبر (ہ س)۔ بہار کے دیہی ترقی کے وزیر شرون کمار نے پیر کے روز پریم بہادر سنگھ بھدوہی پبلک اسکول ہریانو، بھدوہی نگر، اتر پردیش میں منعقدہ بین الاقوامی کراٹے چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے جیتنے والوں کو ٹرافی اورمڈل دے کر جیت پر مبارکباد دی۔ ان کے روشن مستقبل کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر شرون کمار نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام سے بھدوہی کا فخر بڑھ گیا ہے۔ کراٹے کی یہ تکنیک لڑکوں اور لڑکیوں کو اپنے دفاع میں مدد دے گی۔ اس کھیل میں لڑکیوں کو زیادہ سے زیادہ تربیت دینے کی ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، انہوں نے اس کھیل کو لڑکیوں میں مقبول بنانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ یہ بھی کہا کہ جن کھلاڑیوں کو تمغہ نہیں ملا وہ مایوس نہ ہوں بلکہ دوہرے جوش کے ساتھ اگلے مقابلے کی تیاری شروع کر دیں۔
شرون کمار نے کہا کہ حکومت بہاربھی بڑے پیمانے پر کھیلوں کو فروغ دے رہی ہے۔ ریاست میں ضلع سے لے کر بلاک اور گاؤں کی سطح تک کھیلوں کے میدان تیار کیے جا رہے ہیں، تاکہ بہار کے کھلاڑیوں کو گاؤں سے نکل کر ضلع اور ریاستی سطح کے کھیلوں میں اپنی صلاحیتیں دکھا کر قومی اور بین الاقوامی کھلاڑی بننے کا موقع ملے۔ انہوں نے گوجوریو کراٹے فیڈریشن آف انڈیا کو کامیابی کے ساتھ ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
قابل ذکر ہے کہ اس مقابلے میں ہندوستانی کھلاڑی 25 طلائی تمغوں کے ساتھ کل 49 تمغے جیت کر میڈل ٹیبل میں پہلے نمبر پر رہے جبکہ نیپال 9 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے اور بھوٹان 7 سونے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
بہار جے ڈی یو کے ریاستی سکریٹری بدری بھگت، ٹیکنیکل سیل کے ضلع صدر رماکانت سنگھ، صدر راکیش کمار عرف ببلو، اسکول کے طلباء، اساتذہ اور بہت سے کھلاڑی اختتامی تقریب میں موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan