سنکرانتی کے بعد ریتو بھروسہ اسکیم کی امدادی رقم جاری کی گئی : بھٹی وکرامار کا حیدرآباد، 30 دسمبر(ہ س)۔
تلنگانہ حکومت نے سنکرانتی تہوار کے بعد ریتو بھروسہ اسکیم پر عمل آوری کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اسکیم کی امدادی رقم کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کرائی جائے گی۔ کابینی سب کمیٹی کا اجلاس آج نائب وزیراعلی بھٹی وکرامارکا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو، ٹی ناگیشور راؤ اور پی سرینواس ریڈی کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ نائب وزیراعلی نے کہا کہ کانگریس کی پرجا پالنا عوامی حکومت کسانوں سے کئے گئے وعدوں پرعمل آوری میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی کمزور صورتحال کے باوجود حکومت وعدہ کے مطابق اسکیمات پر عمل آوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل میں کمزور مالی موقف رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ کابینی سب کمیٹی نے ریتو بھروسہ اسکیم پرعمل آوری کے طریقہ کار اور رہنمایانہ خطوط کا جائزہ لیا۔ دو گھنٹے سے زائد جاری رہے اجلاس میں آئندہ ربیع سیزن میں اسکیم پر عمل آوری کرتے ہوئے کسانوں کو مالی امداد جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے آغاز سے لے کر آج تک کسانوں کو امداد کی اجرائی اور زیر التواء درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ کابینی سب کمیٹی نے اضلاع کے دورہ کے موقع پر کسانوں سے موصولہ تجاویز اور شکایات کا بھی جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اسکیم پر عمل آوری میں خامیوں کو دور کریں۔ بھٹی وکرامارکا کے مطابق الیکشن سے قبل کسانوں سے جو وعدے کئے گئے تھے ان میں قرض معافی اسکیم اور ریتو بھروسہ اسکیم دونوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ اپوزیشن کے الزامات مسترد کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق