نئی دہلی، 29 نومبر (ہ س)۔ پبلک سیکٹر کی کمپنیاں اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا لمیٹڈ (ایس اے آئی ایل) اور جان کوکریل انڈیالمیٹڈ (جے سی آئی ایل) نے اختراعات اور گرین اسٹیل ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے کے لیے ہاتھ ملایا ہے۔ سیل اور جے سی آئی ایل نے اس کے لیے ایک یادداشت مفاہمت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔
اسٹیل وزارت نے جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ اس مفاہمت نامے پر سیل کے ڈائریکٹر (فنانس) انیل کمار تلسیانی اور جان کوکریل انڈیا لمیٹڈ کے میٹلز ڈویژن کے منیجنگ ڈائریکٹر مائیکل کوٹاس نے دستخط کیے ہیں۔ اس مفاہمت نامے کا مقصد دونوں کمپنیوں کی مشترکہ طاقتوں بشمول جدید ٹیکنالوجیز، صنعت کی وسیع مہارت اور جدت اور پائیداری کے لیے مشترکہ نقطہ نظر سے فائدہ اٹھانا ہے۔ مزید توجہ کاربن اسٹیل، گرین اسٹیل اور سلکان اسٹیل کی کولڈ رولنگ اور پروسیسنگ پر ہے (خاص طور پر سی ار جی او- کولڈ رولڈ گرین اورینٹڈ اور سی آر این او-کولڈ رولڈ نان اورینٹڈ اسٹیل)۔ اس شراکت داری کا مقصد سبز ٹیکنالوجیز کو آئرن اور اسٹیل کی تیاری کے عمل میں ضم کرنا اور اسٹیل بنانے کی جدید ٹیکنالوجیز کو شامل کرکے کارکردگی اور پائیداری کو فروغ دینا ہے۔
وزارت نے کہا کہ سیل جدید، پائیدار ٹیکنالوجیز کو اپنا کر لوہے اور اسٹیل کی تیاری کے روایتی طریقوں کو تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اسٹیل کی وزارت کے مطابق، سیل کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور وسائل کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے متحرک مارکیٹ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے ساتھ اپنے آپریٹنگ عمل کو ہم آہنگ کر رہا ہے۔ یہ کوششیں ایک سرسبز اور زیادہ پائیدار مستقبل میں حصہ ڈالنے کے مقصد سے کی جا رہی ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی