بدمعاشوں نے ریلوے کوئلہ سائڈنگ پر فائرنگ کی
لاتیہار، 28 نومبر (ہ س)۔ لاتیہار ضلع کے بالوماتھ واقع ریلوے کوئلہ سائڈنگ پر جمعرات کی صبح نامعلوم بدمعاشوں نے کوئلہ سے لدے ٹرکوں کو نشانہ بناکر جم کر فائرنگ کی۔ حالانکہ اس واردات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے تاہم اس واردات سے علاقہ میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس انسپکٹر پرمانند بیروا، تھانہ انچارج امریندر کمار اور دیگر پولیس افسران ریلوے سائڈنگ پر پہنچے اور معاملے کی جانچ کررہے ہیں۔
اس حوالے سے موقع پر موجود ٹرک ڈرائیوروں نے بتایا کہ صبح 4 بجے کے قریب جرائم پیشہ افراد موٹر سائیکل پر سوار ہوکر سائڈنگ کے اندر داخل ہوئے اور ٹرکوں کو نشانہ بناتے ہوئے گولیاں برسانا شروع کر دیں۔ اس دوران بدمعاشوں نے تقریباً 15 سے 20 گولیاں چلائیں۔ جس کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس کو معاملے کی اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے ضلع لاتہار میں جرائم پیشہ عناصر مسلسل جرائم کی وارداتیں انجام دے رہے ہیں۔ جرائم پیشہ افراد کوئلے کے کاروبار کو سب سے زیادہ نشانہ بنا رہے ہیں۔ مسلسل مجرمانہ وارداتوں کی وجہ سے علاقہ میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن