نئی دہلی، 13 نومبر(ہ س )۔
آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے قومی صدر پروفیسر مشتاق احمد نے جاری بیان میں کہا کہ آئندہ سال 12 فروری 2025 کو ’عالمی یونانی میڈیسن ڈے‘ کے موقع پر حسب روایت شائع ہونے والا یادگار مجلہ معروف طبیب پدم شری حکیم سید خلیف اللہ کی حیات و خدمات پر مشتمل ہوگا اور آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے قومی سکریٹری ڈاکٹر لایق علی خاں کو مذکورہ مجلہ کے لیے مضامین کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ مجلس ادارت میں حکیم خورشید احمد شفقت اعظمی، پروفیسر مشتاق احمد، ڈاکٹر شمس الآفاق، ڈاکٹر سیّد احمد خاں اور ڈاکٹر فخرعالم شامل ہیں۔ پدم شری حکیم سید خلیف اللہ ’سی سی آئی ایم‘ حکومت ہند کے صدر رہ چکے ہیں نیز مرکزی حکومت کے کئی اداروں کے ممبر اور سربراہ بھی رہے ہیں۔
آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ یہ امر یقینا باعث صد شرف ہے کہ تنظیم ہذا نے ترویج و ترقی اور فروغ طب یونانی کے لیے جہاں بہت سے قابل ذکر کام کیے ہیں ان میں سے ایک بڑا کارنامہ ’ورلڈ یونانی میڈیسن ڈے‘ کا اہتمام بھی ہے۔ واضح ہو کہ مرکزی حکومت کے شعبہ آیوش نے آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی تحریک پر 20 اگست 2010 کو اپنی ایک اہم میٹنگ میں ممتاز مجاہد آزادی مسیح الملک حکیم اجمل خاں کے یوم ولادت 12 فروری کو ہر سال یونانی میڈیسن ڈے منائے جانے کا فیصلہ کیا اور اس فیصلہ کی روشنی میں آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس نے 12 فروری 2011 سے ہر سال عالمی یونانی میڈیسن ڈے منائے جانے کا آغاز کیا، اس کے ساتھ ہی کسی عظیم کارنامہ انجام دینے والے یونانی طبیب کی حیات و خدمات پر ایک یادگار مجلہ بھی شائع کرنے کا سلسلہ شروع کیا تاکہ ہمارا یہ کام دستاویزی اور تاریخی سند کا حصہ بن جائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais