بیروت،یکم ستمبر(ہ س)۔
بیروت کے جنوب میں مضافاتی علاقوں پر اسرائیلی حملوں کے بعد چند ہی گھنٹوں میں کئی علاقے متاثر ہوئے۔لبنان، اسرائیل سرحد پر کئی دنوں تک تیاری کے بعد، اسرائیلی فوج نے ’شمالی تیر‘ کے نام سے ایک فوجی آپریشن میں متعدد سرحدی دیہاتوں پر اسرائیلی زمینی حملہ شروع کیا تھا۔اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح اعلان کیا کہ اس کی فوج نے سرحد پر حزب اللہ کے ٹھکانوں پر محدود حملے شروع کر دیے ہیں۔العربیہ/الحدث کے نمائندے کے مطابق، اسرائیلی کمانڈو کی ٹیموں نے کل صبح کے وقت پیش قدمی کرنے سے پہلے، جاسوسی کے مقصد سے لبنان کے سرحدی دیہاتوں میں بہت ہی محدود دراندازی شروع کر دی تھی۔
تین اسرائیلی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ حملے کے اہداف میں سرحد پر ایک تنگ پٹی میں اسرائیلی افواج کا داخلہ بھی شامل ہے۔حملے کا آغاز کمانڈوز کے چھوٹے گروپوں کے ساتھ شروع ہوا، جس کے ساتھ اسرائیل کی طرف سے متعدد میزائل فائر کیے گئے۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ یہ منصوبہ ایک بڑے حملے کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں شمالی اسرائیل میں ہزاروں اضافی افواج کی تعیناتی نے لبنان میں ایک وسیع اور طویل مدتی زمینی کارروائی کا اشارہ دیا تھا۔
دوسری جانب العربیہ/الحدث ذرائع نے کہا ہے کہ لبنانی فوج نے حملے کے آغاز سے پہلے ہی متعدد سرحدی مقامات سے انخلا کر دیا ہے۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ حزب اللہ کے اہداف سرحد کے قریب دیہاتوں میں ہیں اور ’شمالی اسرائیل میں اسرائیلی آبادی کے لیے براہ راست خطرہ‘ ہیں۔ اس زمینی حملے سے قبل امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے اعلان کیا کہ سیکریٹری لائیڈ آسٹن نے کل اپنے اسرائیلی ہم منصب یوو گیلنٹ سے بات کی، اور انہوں نے سرحد کے ساتھ جارحانہ انفراسٹرکچر کو ختم کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔تاہم، آسٹن نے اس کے ساتھ ہی سرحد کے دونوں جانب شہریوں کی اپنے گھروں کو محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وائٹ ہاوس کے ترجمان نے العربیہ کو بتایا کہ لبنان کے اندر فوجی اور اسرائیلی کارروائی کو اپنے دفاع کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس کی توسیع کے امکان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس کے خطرات کی شدت کا احساس ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع نے کل اس بات کی تصدیق کی کہ لبنان کی جنوبی سرحد کے ساتھ جنگ کا اگلا مرحلہ جلد شروع ہو جائے گا، جس کا مقصد ان اسرائیلی شہریوں کی واپسی کی حمایت ہے جو گذشتہ ایک سال کے دوران جھڑپوں کی وجہ سے نقل مکانی کر گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan