
نئی دہلی/ممبئی، 09 ستمبر (ہ س)۔
وزارتِ تجارت کے سکریٹری راجیش اگروال نے بدھ کے روز کہا کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان مجوزہ دوطرفہ تجارتی معاہدہ (بی ٹی اے) تقریباً آخری مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض معاملات پر دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
وزارتِ تجارت کے سکریٹری نے ممبئی میں گلوبل فن ٹیک فیسٹ 2026 کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اگروال نے کہا، ”کچھ معاملات ایسے ہیں جن پر دونوں فریق بات چیت کر رہے ہیں، لیکن مناسب وقت پر اس معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔“
انہوں نے کہا کہ معاہدے پر دستخط سے قبل دونوں ممالک ترجیحی مارکیٹ رسائی کے لیے ایک فریم ورک تیار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی تجارتی معاہدے میں دونوں ممالک کے لیے ایک دوسرے کی منڈیوں میں کچھ خصوصی رعایتیں دینا ضروری ہوتا ہے۔
وزارتِ تجارت کے سکریٹری نے مزید کہا کہ مجوزہ دوطرفہ تجارتی معاہدے کے تحت بھارت اور امریکہ کو ایک دوسرے کی منڈیوں میں ترجیحی بنیادوں پر رسائی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ