
پال گھر میں اسپتال ملازم سے مارپیٹ کے معاملہ : شیوسینا شندے گروپ کے ضلعی صدر سمیت 7 عہدیدار معطل
ممبئی، 8 ستمبر (ہ س)۔ مہاراشٹر کے پال گھر ضلع میں واقع ریلیف اسپتال کے ایک ملازم کے ساتھ مبینہ مارپیٹ کے معاملے میں شیوسینا شندے گروپ نے اپنے 7 عہدیداروں کو منگل کے روز پارٹی سے معطل کردیا ہے۔ پارٹی نے اس کارروائی کے ذریعے واضح کیا ہے کہ تنظیم میں کسی بھی طرح کی نظم و ضبط کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
شیوسینا شندے گروپ کے ایک عہدیدار کے مطابق پال گھر ضلع میں شری کرشن جنم اتسو کے دوران دہی ہنڈی کا جشن منایا جارہا تھا۔ اس دوران کئی گوونداؤں کے زخمی ہونے کے بعد انہیں علاج کے لیے پال گھر کے ریلیف اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسی دوران شندے گروپ کے کچھ کارکن اسپتال میں داخل ہوئے اور ایک اسپتال ملازم کے ساتھ مبینہ طور پر مارپیٹ کی۔ اس واقعے پر شیوسینا شندے گروپ کے صدر اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے سخت ناراضگی ظاہر کی تھی۔ انہوں نے مارپیٹ میں ملوث کارکنوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی تھی۔ اس کے بعد پارٹی کی تادیبی کمیٹی نے واقعے میں ملوث تمام 7 کارکنوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی۔
تادیبی کمیٹی کی سفارش کی بنیاد پر شیوسینا شندے گروپ نے آج 7 عہدیداروں کو پارٹی سے معطل کردیا۔ معطل کیے گئے عہدیداروں میں پال گھر ضلع صدر کندن بال کرشن سانکھے، شہر صدر راہل رام داس گھرت، نائب تعلقہ صدر منیش عرف وکی سانکھے، یوا سینا ضلعی صدر سائی راج پاٹل، یوا سینا نائب تعلقہ صدر روہت گاویت، نائب تعلقہ صدر راہل سانکھے اور یوا سینا اسمبلی حلقہ صدر رشبھ وارے شامل ہیں۔ پارٹی کی جانب سے کی گئی یہ کارروائی پال گھر کے ریلیف اسپتال میں پیش آنے والے مبینہ ہنگامے اور مارپیٹ کے معاملے میں تادیبی اقدام کے طور پر دیکھی جارہی ہے۔ پارٹی نے اس کارروائی کے ذریعے تنظیمی نظم و ضبط کو اہمیت دینے کا واضح پیغام بھی دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے