
کولکاتا، 08 ستمبر (ہ س)۔
ضلع مشرقی میدنی پور کی نندی گرام اور ضلع مرشد آباد کی ریجی نگر اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، دونوں نشستوں پر آئندہ 6 اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جبکہ 9 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق، 9 ستمبر کو گزٹ کے ذریعے ضمنی انتخاب کا باضابطہ عمل شروع ہوگا۔ پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 16 ستمبر ہے۔ 17 ستمبر کو نامزدگی کے پرچوں کی جانچ کی جائے گی۔ امیدوار 19 ستمبر تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔
2026 کے اسمبلی انتخابات میں نندی گرام اور بھوانی پور دونوں نشستوں سے وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے انتخاب لڑا تھا اور دونوں جگہوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ بعد میں انہوں نے بھوانی پور نشست اپنے پاس رکھتے ہوئے نندی گرام نشست چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ اسمبلی انتخابات میں نندی گرام نشست سے بی جے پی امیدوار شبھیندو ادھیکاری کو ایک لاکھ 27 ہزار 301 ووٹ ملے تھے۔ ان کے قریبی حریف ترنمول کانگریس کے پوتر کر کو ایک لاکھ 17 ہزار 636 ووٹ حاصل ہوئے تھے۔
دوسری طرف مرشد آباد کی ریجی نگر اسمبلی نشست سے جنتا انین پارٹی کے بانی ہمایوں کبیر نے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے ضلع کی بھرت پور اسمبلی نشست سے بھی الیکشن لڑا تھا اور وہاں سے بھی کامیاب رہے تھے۔ بعد میں انہوں نے ریجی نگر نشست چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن