جے این میڈیکل کالج میں علاج کے شعبے میں اے آئی اور جدید ٹکنالوجی پر بڑی بین الاقوامی کانفرنس، 11 ستمبر سے ہوگا آغاز
علی گڑھ، 8 ستمبر (ہ س)۔ علاج کے جدید طریقوں، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور نئی طبی ٹکنالوجی کے استعمال سے متعلق علی گڑھ میں ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اینستھیسیولوجی
پریس کانفرنس


علی گڑھ، 8 ستمبر (ہ س)۔ علاج کے جدید طریقوں، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور نئی طبی ٹکنالوجی کے استعمال سے متعلق علی گڑھ میں ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اینستھیسیولوجی و کریٹیکل کیئر کے زیر اہتمام انڈین کالج آف اینستھیسیولوجسٹس کی ساتویں بین الاقوامی اور 17ویں قومی کانفرنس 11 سے 13 ستمبر 2026 تک منعقد ہوگی۔

کانفرنس کے انعقاد سے قبل منعقدہ پریس کانفرنس میں منتظمین نے بتایا کہ یہ کانفرنس علاج کے شعبے میں مصنوعی ذہانت، جدید ٹکنالوجی اور جدید طبی تحقیق کے بڑھتے ہوئے استعمال کے حوالے سے انتہائی اہم ثابت ہوگی۔ کانفرنس کا موضوع ‘‘اسمارٹر اینستھیسیا کی جانب: ٹکنالوجی، ذہانت اور پریسیزن کا انضمام’’ رکھا گیا ہے۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ کانفرنس میں ملک اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے ممتاز طبی ماہرین، محققین اور دانشور شرکت کریں گے۔ اس دوران مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل بایومارکرز، کریٹیکل کیئر، ٹراما مینجمنٹ اور پریسیزن پین میڈیسن کے شعبوں میں ہونے والی جدید ترین پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

منتظمین کے مطابق کانفرنس کے سائنسی پروگرام میں امریکن سوسائٹی آف اینستھیسیولوجسٹس کے صدر ڈاکٹر پیٹرک جیم، سوسائٹی فار ایمبولیٹری اینستھیسیا کے صدر ڈاکٹر فریڈ شاپیرو اور انڈین کالج آف اینستھیسیولوجسٹس کے انٹرنیشنل ڈین ڈاکٹر کمار جی بیلانی کے خصوصی ویڈیو خطبات بھی شامل ہوں گے۔

کانفرنس کے دوران ڈاکٹر منورما متل یادگاری خطبہ، ڈاکٹر اشوک کمار سکسینہ اور ڈاکٹر وی پی کُمرا یادگاری خطبے بھی پیش کیے جائیں گے، جبکہ ڈاکٹر مکل چندر کپور خصوصی خطبہ دیں گے۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ پینل مباحثوں میں ہیلتھ کیئر کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال، سیپسس کے علاج اور اعصابی نشوونما پر جدید طبی طریقوں کے اثرات سمیت کئی اہم موضوعات پر ماہرین اپنی رائے پیش کریں گے۔

کانفرنس میں پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے خصوصی سائنسی نشستیں بھی منعقد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ کوئز مقابلے، ای-پوسٹر اور فری پیپر پریزنٹیشن کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، تاکہ نوجوان ڈاکٹروں اور طبی طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور جدید طبی معلومات سے استفادہ کا موقع مل سکے۔

مندوبین کی سہولت کے لیے کانفرنس سے متعلق ایک خصوصی موبائل ایپ ‘‘آئی سی اے کون 26 کمپینین’’ بھی لانچ کی گئی ہے، جس میں کانفرنس کے پروگرام اور دیگر ضروری معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

پریس کانفرنس میں آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر عبید اے صدیقی، آرگنائزنگ چیئرمین پروفیسر حماد عثمانی، سائنسی مشیر پروفیسر قاضی احسان علی اور دیگر اساتذہ میں ڈاکٹر سید حسین ، ڈاکٹر فرح نسرین، ڈاکٹر شاہنہ علی، ڈاکٹر نازیہ توحید،ڈاکٹر ابو ندیم و دیگر نے کانفرنس کے مختلف پہلوؤں اور انتظامات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس علی گڑھ میں طبی شعبے کے لیے ایک اہم علمی اور سائنسی موقع ثابت ہوگی اور علاج کے میدان میں اے آئی اور جدید ٹکنالوجی کے استعمال سے متعلق نئی سمتوں پر روشنی ڈالے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande