
واشنگٹن، 8 ستمبر (ہ س)۔ امریکہ کے محکمہ تجارت نے پیر کو کہا کہ بھارت اگلی نسل کے 6جی ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک کی ترقی کے لیے شروع کی گئی عالمی پہل میں امریکہ اور 24 دیگر ممالک کے اتحاد میں شامل ہو گیا ہے۔اس کے علاوہ امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک نے جی20 انوویشن منسٹریل اجلاس کے دوران بھارت کے وزیر مملکت برائے تجارت و صنعت جتن پرساد سے ملاقات کی اور 6جی ٹیکنالوجی کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی محکمہ تجارت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک بیان میں کہا، ’’ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ بھارت، امریکہ اور 24 دیگر ممالک کے ساتھ اس کوشش میں شامل ہو گیا ہے، جس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ اگلی نسل کے نیٹ ورکس ہماری مشترکہ سلامتی کی ضروریات کو پورا کریں، ہماری مسابقتی صلاحیت کو مضبوط کریں اور 6جی میں جدت کو فروغ دیں۔‘‘
محکمہ تجارت کے مطابق یہ معاہدہ جی20 انوویشن منسٹریل کے دوران امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک اور بھارت کے وزیر مملکت برائے تجارت و صنعت جتن پرساد کے درمیان ہونے والی دوطرفہ ملاقات کے بعد طے پایا۔محکمہ تجارت نے کہا کہ لٹنک نے جی20 انوویشن منسٹریل کے دوران جتن پرساد سے ملاقات کرکے 6جی کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی محکمہ تجارت نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کا اس کوشش میں شامل ہونا اس بات کو یقینی بنانے کی جانب اہم قدم ہے کہ اگلی نسل کے نیٹ ورک مشترکہ سلامتی کی ترجیحات کی عکاسی کریں، مسابقتی صلاحیت کو مضبوط کریں اور 6جی کے شعبے میں جدت کو فروغ دیں۔
واضح رہے کہ بھارت کے وزیر مملکت برائے تجارت و صنعت جتن پرساد نے یکم اور 2 ستمبر کو امریکہ کی ریاست نارتھ کیرولائنا کے شہر چیپل ہل میں منعقدہ جی20 انوویشن منسٹرز اجلاس میں بھارتی وفد کی قیادت کی تھی۔ اس اجلاس کی میزبانی امریکی محکمہ تجارت اور وائٹ ہاؤس کے آفس آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پالیسی نے کی تھی۔
امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے جتن پرساد نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بات چیت کا بنیادی مرکز جدید ٹیکنالوجی کے شعبے کی بنیاد رکھنے والے اہم سیکٹرز کو آگے بڑھانا تھا۔جتن پرساد نے کہا، ’’سیمی کنڈکٹر، اے آئی اور ڈیٹا سینٹر—یہ ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کے اہم ستون ہیں۔‘‘
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan