
باغپت، 7 ستمبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے باغپت ضلع کے کھیکڑا تھانہ علاقے میں پیر کی دیر رات ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں 4 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 32 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب راجستھان سے بدایوں جانے والی مسافروں سے بھری ایک گاڑی بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی اور الٹ گئی۔
پولیس کے مطابق رات تقریباً 12:30 بجے ڈائل-112 کے ذریعے حادثے کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملتے ہی کھیکڑا تھانے کی پولیس، چار پی آر وی گاڑیوں اور ایمبولینس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچی اور فوری طور پر امدادی و بچاؤ کارروائی شروع کردی۔ زخمیوں کو فوری طور پر تین اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
تمام زخمیوں کو سی ایچ سی کھیکڑا، سی ایچ سی باغپت اور ضلع اسپتال باغپت میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، جنہیں بہتر علاج کے لیے اعلیٰ طبی مراکز کو ریفر کیا گیا ہے۔ایس پی باغپت سورج کمار رائے اور ضلع مجسٹریٹ اسمتا لال نے بھی موقع پر پہنچ کر حادثے کی صورتحال کا جائزہ لیا اور زخمیوں کو فوری طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔
حادثے کے بعد موقع پر افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا، تاہم پولیس نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے ٹریفک کی آمد و رفت کو معمول پر بحال کرایا۔ پولیس کی جانب سے جاں بحق افراد اور زخمیوں کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے کی کوشش بھی جاری ہے۔
ایس پی باغپت سورج کمار رائے نے بتایا کہ حادثے میں زخمیوں اور جاں بحق افراد سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے اہل خانہ موبائل نمبر 9454417383 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔پولیس کے مطابق اب تک حادثے میں چار افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan