
واشنگٹن، 7 ستمبر (ہ س)۔
امریکا کے میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتوار کو ایمیزون کا مال بردار(کارگو) طیارہ رن وے سے پھسل کر کھیت میں جا پہنچا۔ طیارے نے کئی گاڑیوں کو ٹکر مار دی، جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق حادثے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ تین افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ دو دیگر افراد کو بھی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر تقریباً تین گھنٹے تک پروازوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔
سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکام نے حادثے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ کارگو طیارہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً دوپہر 2 بجے رن وے سے باہر نکل گیا۔ یہ طیارہ پورٹو ریکو کے سان خوان سے میامی پہنچا تھا۔ حکام نے کہا کہ فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد طیارے میں سوار تھے یا ان گاڑیوں میں موجود تھے جنہیں طیارے نے ٹکر ماری۔حادثے کے بعد آسمان پر سیاہ دھویں کے بادل چھا گئے۔ میامی ڈیڈ ریسکیو فائر چیف رے جَداللہ نے بتایا کہ طیارے کے کاک پٹ میں پائلٹ اور معاون پائلٹ پھنس گئے تھے۔ کچھ افراد گاڑیوں کے اندر بھی پھنسے ہوئے تھے، جبکہ ایک شخص گاڑی کے نیچے دب گیا تھا۔
حادثے کے بعد میامی ایئرپورٹ پر تقریباً تین گھنٹے تک پروازیں معطل رہیں۔ طیارے سے ایندھن بھی رس رہا تھا اور حادثے کے کئی گھنٹے بعد تک فائر فائٹرز اس رساؤ کو قابو کرنے میں مصروف رہے۔ حادثے کے بعد پرائم ایئر کا یہ طیارہ سڑک کے کنارے جا کر رک گیا، جہاں دو بڑے ٹرک بھی کھڑے تھے۔ جائے حادثہ کی تصاویر میں طیارہ پیٹ کے بل پڑا ہوا دکھائی دیا۔ آگ لگنے کے باوجود طیارے کا بیشتر حصہ محفوظ رہا۔حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 32 سال پرانا بوئنگ 767 تھا۔ اسے ابتدا میں مسافر بردار طیارے کے طور پر تیار کیا گیا تھا اور دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک مختلف ایئرلائنز کے لیے پروازیں کرتا رہا۔ 2015 میں اسے کارگو طیارے میں تبدیل کیا گیا تھا۔ یہ پرواز شمالی کیرولائنا کی کارگو کمپنی 21 ایئر نے چلائی تھی۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق اتوار کی سہ پہر تک میامی ایئرپورٹ پر تقریباً 250 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) نے حادثے کی تحقیقات کے لیے اپنی ٹیم میامی بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹیم کی قیادت این ٹی ایس بی کی چیئرپرسن جینیفر ہومینڈی کریں گی۔
ایمیزون کی ترجمان کیلی نینٹل نے کہا کہ کمپنی تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گی۔ ایمیزون نے حادثے میں پانچ افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور حادثے سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے تعزیت کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan