
پریاگ راج، 07 ستمبر (ہ س )۔
اتر پردیش کے کئی اضلاع میں آئندہ پانچ دنوں کے دوران بارش اور گرج چمک کے ساتھ بونداباندی ہونے کا امکان ہے۔ موسم کا مزاج بدلا رہے گا۔ پیر کو ہندوستانی محکمہ موسمیات، لکھنو¿ کی جانب سے جاری پیش گوئی کے مطابق، 7 سے 11 ستمبر تک ریاست کے کئی حصوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بونداباندی ہونے کا امکان ہے۔
مشرقی اتر پردیش میں بارش کی سرگرمیاں نسبتاً زیادہ رہنے کا اندازہ ہے۔ محکمہ موسمیات کی 7 ستمبر کو جاری پیش گوئی کے مطابق، 7 ستمبر کو مغربی اتر پردیش میں کچھ مقامات اور مشرقی اتر پردیش میں متعدد مقامات پر بارش یا گرج چمک کے ساتھ بونداباندی ہو سکتی ہے۔ 7 ستمبر کو مغربی اور مشرقی دونوں حصوں میں کہیں کہیں شدید بارش کا بھی قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
8 ستمبر کو مشرقی اتر پردیش میں متعدد مقامات پر بارش ہو سکتی ہے، جبکہ مغربی حصے میں کچھ مقامات پر بونداباندی کے امکانات ہیں۔ اس دن مشرقی اتر پردیش میں کہیں کہیں شدید بارش کی وارننگ ہے۔ اس کے بعد 9 سے 11 ستمبر تک ریاست میں کچھ مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بونداباندی کا امکان برقرار رہے گا۔
دھوپ نکلنے پر بڑھے گی حبس
چندر شیکھر آزاد زرعی و ٹیکنالوجی یونیورسٹی (سی ایس اے)، کانپور کے موسمیاتی سائنس داں ڈاکٹر ایس این سنیل پانڈے کے مطابق، فضا میں نمی کافی مقدار میں برقرار ہے۔ ایسے میں مقامی سطح پر بادل بننے سے ریاست کے کئی حصوں میں بارش اور گرج چمک کی سرگرمیاں ہو سکتی ہیں۔ جہاں دھوپ نکلے گی، وہاں درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ حبس بھی پریشان کر سکتی ہے۔ آئندہ چند دنوں میں کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ کچھ علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے بچیں اور درختوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر اونچی چیزوں کے نیچے کھڑے نہ ہوں۔ کسانوں کو بھی بارش کے امکان کو دیکھتے ہوئے زرعی کاموں کی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سی ایس اے کے زرعی موسمیات شعبے کی جانب سے بھی کسانوں کو موسم کی بنیاد پر زرعی مشورے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ