
چنئی، 07 ستمبر (ہ س):۔
کپتان ایشان کشن کی 270 رنز کی شاندار اننگز اور کمار کشاگر کی سنچری کی بدولت ایسٹ زون نے دلیپ ٹرافی کے فائنل میں ساؤتھ زون کے خلاف اپنی پوزیشن انتہائی مضبوط کر لی ہے۔ چےپاک میں کھیلے جا رہے مقابلے کے دوسرے دن پیر کو ایسٹ زون کی پہلی اننگز 708 رنز پر ختم ہوئی۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں چےپاک کے میدان پر یہ تیسرا موقع ہے جب کسی ٹیم نے 700 سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔
385 رنز پر چار وکٹ سے آگے کھیلنے اتری ایسٹ زون کی ٹیم نے دوسرے دن بھی آغاز ہی سے تیزی سے رنز بنائے۔ ساؤتھ زون نے ایک اوور کے بعد ہی نئی گیند لے لی، لیکن محمد سراج اور ایم ڈی ندھیش وکٹ حاصل نہیں کر سکے۔ ایشان کشن نے سراج کے اوور میں مسلسل چوکے لگا کر شروعات کی اور ندھیش کو بھی نشانہ بنایا۔
کمار کشاگر نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے ساؤتھ زون کے گیند بازوں پر دباؤ برقرار رکھا۔ تری پورانا وجے اور شریس گوپال کو اسپن گیند بازی کے لیے میدان میں اتارا گیا، لیکن اس کا بھی کوئی خاص اثر نہیں ہوا۔ کشاگر نے شریس گوپال کی گیند پر چوکا لگا کر اپنی فرسٹ کلاس کرکٹ کی چھٹی سنچری مکمل کی۔ وہ 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کشاگر کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی کشن نے جارحانہ انداز جاری رکھا۔ انہوں نے شریس گوپال کے ایک اوور میں تین چوکے لگائے اور محض 270 گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ اس کے بعد کشن نے تیزی سے 250 رنز کا ہندسہ عبور کیا اور ٹیم کو 600 رنز سے آگے پہنچا دیا۔ ساؤتھ زون کو امید تھی کہ ایسٹ زون جلد ہی اننگز ڈکلیئر کر دے گا، لیکن کشن کے ارادے کچھ اور تھے۔
تھکن کے باعث انہیں کچھ وقت کے لیے ریٹائر ہونا پڑا۔ بعد میں محمد شامی کے 28 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کشن دوبارہ میدان میں واپس آئے اور نایاب ٹرپل سنچری مکمل کرنے کی کوشش کی۔
تاہم دوسرے سرے پر مسلسل وکٹیں گرنے کی وجہ سے کشن کی ٹرپل سنچری کی امید پوری نہ ہو سکی۔ وہ لانگ آن کے قریب کیچ دے کر 270 رنز پر آؤٹ ہوئے اور 300 رنز سے 30 رنز دور رہ گئے۔ ان کی اننگز نے ایسٹ زون کو 708 رنز کے بڑے اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 708 رنز کے جواب میں اب ساؤتھ زون کے سامنے ایک مشکل ہدف ہے، جبکہ ایسٹ زون کے تھکے ہوئے گیند بازوں کے لیے بھی یہ ایک چیلنج ہوگا۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ایسٹ زون نے خطاب پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔
مختصر اسکور: ایسٹ زون — 708 رنز (ایشان کشن 270، کمار کشاگر 101، شیکھر موہن 85؛ تری پورانا وجے 4/180) بمقابلہ ساو¿تھ زون۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ