
حیدرآباد، 7 ستمبر (ہ س)۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے پیر، 7 ستمبر 2026 کو تلنگانہ میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے شیڈول میں تیسری مرتبہ توسیع کردی ہے۔ اس توسیع کے بعد حتمی ووٹر فہرست کی اشاعت کی تاریخ 19 اکتوبر سے بڑھا کر 9 نومبر 2026 کردی گئی ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق ووٹرز اب اپنے دعوے اور اعتراضات 7 اکتوبر تک داخل کرسکیں گے۔ اس سے قبل یہ مدت 16 ستمبر تک مقرر تھی۔
اسی طرح دعووں اور اعتراضات پر نوٹس، سماعت اور فیصلے کا عمل 5 نومبر تک جاری رہے گا، جبکہ پہلے اس مرحلے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر مقرر کی گئی تھی۔
تلنگانہ میں ایس آئی آر کا عمل 25 جون سے شروع ہوا تھا۔ اس دوران بوتھ لیول افسران (بی ایل او) نے گھر گھر جاکر ووٹرز کی تفصیلات کی جانچ کی اور 17 اگست کو مسودہ ووٹر فہرست جاری کی گئی۔
حکام کے مطابق تقریباً 92.8 لاکھ ووٹرز کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جن میں سے بڑی تعداد میں نوٹس کی ترسیل اور تصدیقی کارروائی ابھی باقی ہے۔ اسی وجہ سے ریاستی حکومت اور چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے مزید وقت دینے کی درخواست کی گئی تھی۔
تلنگانہ کے وزیر اعلی اے ریونت ریڈی نے بھی پہلے الیکشن کمیشن سے ایس آئی آر کے دعووں اور اعتراضات کے مرحلے کے لیے اضافی وقت دینے کی درخواست کی تھی۔ ریاستی حکومت کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے پیمانے پر ووٹر فہرست کی نظرثانی کے لیے موجودہ مدت ناکافی ہے۔
یہ توسیع ووٹرز کو اپنے نام، پتے اور دیگر تفصیلات کی جانچ کرنے اور ضرورت پڑنے پر اعتراض یا دعویٰ داخل کرنے کے لیے مزید وقت فراہم کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق