درج فہرست ذات کے طلبہ کے لیے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کا مضبوط نظام قائم کیا گیا
۔  رقم کی  براہ راست منتقلی سے شفافیت کو فروغ ملا
براہ راست منتقلی


نئی دہلی، 7 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے درج فہرست ذات (ایس سی) کے طلبہ کے لیے چلائی جا رہی پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیم کے تقسیم کے نظام کو مزید شفاف، درست اور وقت کے پابند بنا دیا ہے۔ آن لائن درخواست کے نظام، براہِ راست فائدہ منتقلی (ڈی بی ٹی) اور آدھار پر مبنی ادائیگی کے نظام کے مؤثر تال میل کے ذریعے ملک بھر کے اہل طلبہ تک اسکالرشپ کی رقم بغیر کسی رکاوٹ کے پہنچائی جا رہی ہے۔

مرکزی سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی وزارت کے مطابق، وزارت اس اسکیم کو ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی انتظامیہ کے ذریعے نافذ کر رہی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مناسب مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس نظام کے تحت درخواستیں نیشنل اسکالرشپ پورٹل (این ایس پی) اور متعلقہ ریاستوں کے مقررہ اسکالرشپ پورٹلز کے ذریعے طلب کی جاتی ہیں۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے زمینی سطح پر اہلیت کی جانچ اور ڈیٹا کی تصدیق مکمل کیے جانے کے بعد، ان کے مقررہ حصے کی بنیاد پر مرکزی حکومت اپنا حصہ براہِ راست طلبہ کے بینک کھاتوں میں منتقل کرتی ہے۔

اسکیم میں سال 22-2021 کے دوران براہِ راست فائدہ منتقلی (ڈی بی ٹی) کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس نظام سے فنڈز کی منتقلی تیز ہوئی ہے اور مستحقین کی درست نشاندہی ممکن ہو سکی ہے۔ آدھار پر مبنی ادائیگی کے نظام نے بینک لین دین کی پیچیدگیوں کو دور کرنے کے ساتھ رقم کی دوہری ادائیگی کے امکانات کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔ اسکالرشپ کا فائدہ دور دراز علاقوں کے اہل طلبہ تک پہنچانے کے لیے مسلسل عوامی بیداری مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande