
علی گڑھ، 7 ستمبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے قومی غذائیت ہفتہ کے تحت علی گڑھ کے برہیٹی گاؤں کے پنچایت بھون میں ایک صحت کیمپ منعقد کیا جس سے 100 سے زائد افراد نے استفادہ کیا اور مفت طبی خدمات حاصل کیں۔ کیمپ میں آنے والے مقامی افراد کا عمومی طبی معائنہ کیا گیا، بلڈ پریشر، بلڈ شوگر اور ہیموگلوبن کی جانچ کی گئی، جلدی امراض سے متعلق مشاورت اور خواتین کی زچگی و تولیدی صحت کا جائزہ لیا گیا۔ ضروری ادویات بھی مفت تقسیم کی گئیں۔
مقوی غذا، صحت بخش غذائی عادات، صفائی، ماہواری سے متعلق صحت اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی کے موضوعات پر آگہی نشستیں منعقد کی گئیں، جن میں باقاعدگی سے صحت کی جانچ اور بروقت طبی مشورہ لینے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ ایم پی ایچ کے طلبہ نے لوگوں کو کیمپ میں لانے، کیمپ کے انتظامات میں معاونت کرنے اور غذائیت و احتیاطی نگہداشت سے متعلق آگہی میں فعال کردار ادا کیا۔
یہ پروگرام شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم کی قیادت میں منعقد کیا گیا، جبکہ پروفیسر سائرہ مہناز اور شہری صحت تربیتی مرکز کے ممبر انچارج نے معاونت کی۔ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ثنا نواب، سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر ارم عابد اور ڈاکٹر سید صہیب ہاشمی کے علاوہ جونیئر ریزیڈنٹس اور ایم پی ایچ کے طلبہ نے بھی کیمپ کے انعقاد میں تعاون کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ