
شہڈول، 07 ستمبر (ہ.س.)۔
مدھیہ پردیش کے شہڈول کے جھینک بجوری علاقے کے درشیلا گاو¿ں کا بارہویں جماعت کا طالب علم راج کمار جیسوال جسمانی پریشانی کے باعث ٹھیک سے چل نہیں پاتا۔ اسکول جانے کے لیے اس کی ماں پھول کماری روزانہ اسے پیٹھ پر بٹھا کر تقریباً 10 کلومیٹر کا سفر طے کرتی ہیں۔ بیٹے کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے ماں گزشتہ دو سال سے یہ ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔
راج کمار جھینک بجوری کے سرکاری ہائر سیکنڈری اسکول میں پڑھتا ہے۔ درشیلا سے اسکول تقریباً 10 کلومیٹر دور ہے۔ پھول کماری پہلے بیٹے کو پیٹھ پر بٹھا کر بس اسٹینڈ تک لے جاتی ہیں۔ اس کے بعد بس سے جھینک بجوری پہنچتی ہیں اور وہاں بھی سہار ا دے کر بیٹے کو اسکول تک لے جانا پڑتا ہے۔ آنے جانے میں تقریباً 50 روپے بس کا کرایہ خرچ ہوتا ہے۔
پھول کماری نے بتایا کہ راج کمار نے دسویں جماعت تک گاؤں کے قریب تعلیم حاصل کی۔ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے لیے اسے جھینک بجوری جانا پڑ رہا ہے۔ راج کمار خود چل نہیں سکتا، اس لیے ماں اسے اسکول پہنچانے کے بعد چھٹی ہونے تک وہیں رہتی ہیں۔ اس کے بعد دونوں واپس گھر لوٹتے ہیں۔ خاندان میں پھول کماری اور ان کا بیٹا ہی ہیں۔ بیٹے کو اسکول پہنچانے اور واپس لانے میں پورا دن نکل جاتا ہے، اس لیے انہیں مزدوری کا کام بھی چھوڑنا پڑتا ہے۔ مالی پریشانی کے باوجود انہوں نے بیٹے کی تعلیم نہیں رکنے دی۔
الیکٹرک سائیکل کا مطالبہ
راج کمار کا معذوری کا سرٹیفکیٹ بنا ہوا ہے۔ ماں کے مطابق وہ تقریباً 80 فیصد معذور ہے۔ راج کمار چاہتا ہے کہ اسے الیکٹرک سائیکل مل جائے، تاکہ وہ اسکول آنے جانے کے لیے ماں پر منحصر نہ رہے۔ پھول کماری نے وزیر دلیپ جیسوال کو درخواست دی تھی اور کلکٹریٹ میں بھی دستاویزات جمع کرائے تھے، لیکن دو ماہ سے زیادہ وقت گزرنے کے باوجود مدد نہیں ملی۔
پنچایت سکریٹری نے بھی مدد کی کوشش کی
درشیلا پنچایت کے سکریٹری گنگا رام نے بتایا کہ انہوں نے کئی بار پھول کماری کو بیٹے کو پیٹھ پر اٹھا کر اسکول لے جاتے دیکھا ہے۔ انہوں نے بڑھار میں افسران سے رابطہ کرکے راج کمار کی مدد کی بات رکھی تھی۔ وہاں سے بتایا گیا کہ 18 سال سے کم عمر ہونے کی وجہ سے اسے اسکوٹی نہیں دی جا سکتی۔
11 ستمبر کے کیمپ سے امید
اب راج کمار اور اس کی ماں کو 11 ستمبر کو جھینک بجوری میں ہونے والے جن وشواس کیمپ سے امید ہے۔ ضلع سماجی انصاف محکمہ کی افسر پرگیہ مراوی نے کہا کہ اگر مستحق افراد ضروری دستاویزات کے ساتھ کیمپ میں پہنچتے ہیں تو جانچ کے بعد اہلیت کے مطابق متعلقہ اسکیم کا فائدہ دلانے کی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ