
بھوپال، 7 ستمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع کی بنڈا تحصیل میں زہریلی شراب پینے سے اتوار دیر رات سے پیر دوپہر تک مزید 4 دیہاتیوں کی موت ہو گئی۔ اس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 22 تک پہنچ گئی ہے۔ اس معاملے میں شراب فروخت کرنے والے ٹھیکیدار سمیت تقریباً 30 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ان میں سے 10 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کی رات بنڈا تحصیل کے گھوگھر، نوراج، گوگرا خورد، براج اور آس پاس کے علاقوں میں کچھ لوگوں نے شراب پی تھی۔ اس کے بعد کئی لوگوں کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ اہل خانہ انہیں لے کر اسپتال پہنچے، جہاں جانچ کے بعد ڈاکٹروں نے کچھ لوگوں کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ کئی مریضوں کو ابتدائی علاج کے بعد ساگر ریفر کر دیا گیا۔ اتوار کی شام تک مجموعی طور پر 18 افراد کی موت ہو چکی تھی، جبکہ 100 سے زائد افراد کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا تھا۔
ان میں سے پیر کی صبح مہیش راوت (55)، شیام بائی اہیروار (50) اور کرشن کمار لودھی نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ اس سے قبل ایئر لفٹ کر بھوپال لائے گئے رام پرساد لودھی کی اتوار دیر رات موت ہو گئی تھی۔ ان چار افراد کی موت کے بعد زہریلی شراب سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہو گئی ہے۔
ادھر، معاملہ سامنے آتے ہی وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی ہدایت پر انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے محکمہ آبکاری اور پولیس کے پانچ افسران کو معطل کر دیا تھا۔ آبکاری کمشنر دیپک سکسینہ نے ابتدائی جانچ میں ذمہ دار مانتے ہوئے ساگر کی اسسٹنٹ آبکاری کمشنر کیرتی دوبے، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ آبکاری افسر دلیپ کھنڈاتے اور بنڈا سرکل کے آبکاری سب انسپکٹر پروشنی اوریتی کو معطل کیا ہے۔ وہیں پولیس محکمہ نے بھی اس معاملے میں بنڈا تھانہ انچارج ستیش کشواہا اور گوگرا چوکی انچارج ایس آئی پورن لال لڑیا کو فوری اثر سے معطل کر دیا ہے۔
ساگر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ انوراگ سوجانیہ نے بتایا کہ شراب معاملے میں بنڈا اور وینائیکا تھانوں میں 25 سے زائد نامزد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ان میں سے 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہیں تھانے لا کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ان سے شراب کے نیٹ ورک کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں مختلف مقامات پر مسلسل چھاپے مار رہی ہیں۔ معاملے کے تمام پہلوؤں کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد