
علی گڑھ، 7 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج نے اسٹوڈنٹ میٹورشپ پروگرام کے ذریعہ طلبہ کی ہمہ جہت طبی تعلیم کو پختہ کرنے کے عزم کے تحت پیشہ ورانہ ترقی اور طلبہ کی فلاح و بہبود کا مستقل ماحول فروغ دینے کی پہل کی ہے۔
نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) کی سفارشات کے مطابق وضع کیے گئے اس پروگرام کے تحت طلبہ کے لئے فیکلٹی ممبران کو طلبہ کا مینٹور مقرر کیا جاتا ہے تاکہ چند ملاقاتوں کے بجائے مینٹور اور طالب علم کے درمیان بامعنی اور طویل مدتی تعلق قائم ہو۔ مینٹورز سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے طلبہ سے کم از کم ماہ میں ایک مرتبہ ملاقات کریں گے، جبکہ ضرورت کے مطابق اضافی ملاقاتیں بھی کی جا سکتی ہیں۔
اس پروگرام کو جے این ایم سی اسٹوڈنٹ مینٹورشپ پروگرام کمیٹی نافذ کر رہی ہے، جس کے سربراہ فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد ہیں، جب کہ میڈیکل ایجوکیشن یونٹ کی کوآرڈینیٹر پروفیسر تمکین خان کوآرڈینیٹر، پروفیسر محمد اکرم کنوینر اور پروفیسر دیب شری اکھوری شریک کنوینر ہیں۔ متعدد فیکلٹی ارکان اس اقدام میں تعاون کر رہے ہیں۔
اس سلسلے میں‘‘نرچر: آرٹ اینڈ سائنس آف مینٹورنگ’’ کے عنوان سے ایک فیکلٹی آگہی ورکشاپ میڈیکل ایجوکیشن یونٹ، فیکلٹی آف میڈیسن اور اسٹوڈنٹ میٹورشپ پروگرام کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔ مسلسل پانچ ہفتوں تک ہر سنیچر کو پانچ ورکشاپ منعقد کی گئیں، جن کے ذریعہ فیکلٹی ارکان کو مؤثر مینٹورنگ کے لیے تیار کیا گیا۔ اس میں رول پلے، مباحـثہ، گروپ سرگرمیوں وغیرہ سے فیکلٹی ارکان کو عملی رہنمائی کی مہارتیں پیدا کرنے اور طلبہ کی تعلیمی و شخصی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ