
نئی دہلی، 7 ستمبر (ہ س)۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں پیر کے روز ہونے والی ڈیفنس ایکوزیشن کونسل (ڈی اے سی) کی میٹنگ میں تینوں افواج کے لیے تقریباً ایک لاکھ 10 ہزار کروڑ روپے کے خریداری منصوبوں کو منظوری دی گئی۔ اس کے تحت بھارتی فوج کے لیے کیمیکل، بایولوجیکل، ریڈیولوجیکل اینڈ نیوکلیئر ریکی وہیکل، ہائی موبیلیٹی وہیکل، سیلف پروپیلڈ مکینیکل مائن لیئرز، ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر، ٹرول ٹینک اور سروتر برج سسٹم خریدے جائیں گے۔ منظور شدہ منصوبوں میں سے تقریباً 98 فیصد خریداری بھارتی صنعت سے کی جائے گی۔
دفاعی افواج کی مختلف خریداری تجاویز کو ضرورت کی منظوری (اے او این) یعنی اصولی انتظامی منظوری ملنے سے تینوں افواج کو نئے ہتھیار اور سازوسامان حاصل ہوں گے، جس سے ان کی جنگی صلاحیت مضبوط ہوگی۔ فوج کے لیے خریدے جانے والے کیمیکل، بایولوجیکل، ریڈیولوجیکل اینڈ نیوکلیئر ریکی وہیکل متاثرہ علاقے کا پتہ لگانے، شناخت کرنے، نگرانی کرنے اور نشان زد کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔ ہائی موبیلیٹی وہیکل دشوار گزار علاقوں میں آپریشنل صلاحیت، لاجسٹک سپورٹ اور نقل و حرکت کو بہتر بنائیں گے۔ اسی طرح سیلف پروپیلڈ مکینیکل مائن لیئرز مشکل علاقوں میں تیز اور مؤثر انداز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی ضروری آپریشنل صلاحیت فراہم کریں گے۔
جدید ترین ہلکے جنگی ہیلی کاپٹر بھارتی فوج اور فضائیہ کے لیے خریدے جائیں گے، جو مختلف علاقوں اور ہنگامی حالات میں مشکل مشن انجام دیں گے۔ ٹرول ٹینک اور برج سسٹم کا استعمال مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران جنگی ٹیموں کو کمپوزٹ کراسنگ فراہم کرنے کے لیے کیا جائے گا۔ بحریہ کے لیے ’ارودھرا‘ ریڈار کی ڈیزائننگ اور تیاری کی جائے گی۔ اس کے بعد میرین گیس ٹربائن کی خریداری کے لیے اے او این دیا گیا۔ ’ارودھرا‘ ریڈار مختلف نیول ایئر اسٹیشنوں پر موجود ایئر روٹ سرویلنس ریڈار کی جگہ لے گا، جبکہ وار شپ پروپلشن سسٹم اور مکینیکل مائن لیئرز کے معاملے میں غیر ملکی وینڈرز پر انحصار کم ہوگا۔
ڈیفنس ایکوزیشن کونسل کی میٹنگ میں بھارتی فضائیہ کے لیے فائٹر جیٹ، ٹرانسپورٹ ایئرکرافٹ اور ہیلی کاپٹروں کی جنگی صلاحیت بڑھانے سے متعلق مختلف تجاویز کو بھی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ گراؤنڈ بیسڈ ملٹی پرپز جیمر خریدنے اور ڈیفنس فورس سیکیور ایکسس کارڈ سسٹم نصب کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ گراؤنڈ بیسڈ ملٹی پرپز جیمر دشمن کے ریڈار کے خلاف مؤثر جیمنگ کرے گا، جبکہ ڈیفنس فورس سیکیور ایکسس کارڈ سسٹم موجودہ کاغذی شناختی کارڈ، پاس اور پرمٹ کو انٹرآپریبل ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹیفکیشن (آر ایف آئی ڈی) پر مبنی اسمارٹ کارڈ سسٹم سے تبدیل کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد