
حیدرآباد ،6 ستمبر(ہ س)۔
صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمارگوڑنے کہا کہ فی الحال کابینہ میں توسیع کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ کونڈاسریکھا کوکابینہ سے برطرف کرنے کا فیصلہ کانگریس ہائی کمان کا ہے۔اس میں ہمارا کوئی رول نہیں ہے جبکہ ہم نے انہیں بچانے کی ہرممکن کوشش کی ہے لیکن ہائی کمان نے اس کوقبول نہیں کیا۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمارگوڑ نے ان خیالات کا اظہارکیاجس کے بعد 7 ستمبرسے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس سے قبل کابینہ کی توسیع کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ مہیش کمار گوڑنے کہاکہ دہلی میں کانگریس ہائی کمان کے پاس صرف کونڈا سریکھا اورجی چناریڈی کے معاملے پر بات چیت ہوئی ہے۔ کابینہ کی توسیع کے بارے میں کوئی مشاورت نہیں ہوئی اورنہ ہی اس مسئلہ پرغورکیاگیا۔انہیں (مہیش کمارگوڑ)کوکابینہ میں شامل کرنے کی افواہوں پرپوچھے گئے سوال کوانہوں نے مسترد کرتے ہوئے کہاکہ یہ صرف افواہیں ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں کب توسیع کرنا ہے یہ مکمل وزیراے ریونت ریڈی کا اختیارہے وہ مناسب وقت پرصحیح فیصلہ کریں گے۔صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ مستقبل میں پارٹی اور حکومت پر تنقید کرنے والے کسی بھی قائد کو بخشا نہیں جائے گا۔۔۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق