یومِ اساتذہ کے موقع پر قومی ایوارڈ یافتہ پروفیسر وبھا شرما کی پذیرائی
یومِ اساتذہ کے موقع پر قومی ایوارڈ یافتہ پروفیسر وبھا شرما کی پذیرائی علی گڑھ, 06 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سٹی اسکول کے زیر اہتمام یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اے ایم یو کے شعبہ انگریزی کی پروفیس
استقبالیہ


یومِ اساتذہ کے موقع پر قومی ایوارڈ یافتہ پروفیسر وبھا شرما کی پذیرائی

علی گڑھ, 06 ستمبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سٹی اسکول کے زیر اہتمام یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اے ایم یو کے شعبہ انگریزی کی پروفیسر اور دفترِ رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما کو گزشتہ سال اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے لیے قومی ایوارڈ سے سرفراز کیے جانے پر تہنیت پیش کی گئی۔

تقریب کی صدارت اے ایم یو کے شعبہ لسانیات کے صدر پروفیسر ایم جہاں گیر وارثی نے کی۔

اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر شرما نے کہا کہ اسکول کے اساتذہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور محدود وسائل کے باوجود ان کی تعلیم، کردار سازی اور مستقبل کے لیے پوری لگن سے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اساتذہ ایوارڈ ان کا ذاتی اعزاز نہیں بلکہ اے ایم یو کی پوری تدریسی برادری کی خدمات کا اعتراف ہے۔

انہوں نے آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول کی تعلیمی، ثقافتی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق سرگرمیوں کی تعریف کی اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کریں۔ انہوں نے کہا،’’اے آئی کبھی استاد کی جگہ نہیں لے سکتا۔ استاد آپ کا رہنما ہے اور اے آئی آپ کا خادم ہے۔‘‘

اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر ایم جہاں گیر وارثی نے کہا کہ اساتذہ اور طلبہ کے درمیان اعتماد، احترام اور مکالمہ اچھی تعلیم کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ صرف علم فراہم نہیں کرتے بلکہ طلبہ کی شخصیت سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اے ایم یو کو قومی سطح پر شناخت دلانے کے لیے پروفیسر شرما کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر سینئر پی جی ٹی جناب اے ایم ابراہیم انصاری کی علمی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ راجستھان کے اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ کی شائع کردہ سائنس کی ایک درسی کتاب، جس میں فزکس ایکسپرٹ کی حیثیت سے ان کی خدمات شامل ہیں، تقریب میں پیش کی گئی۔ اسکول نے بتایا کہ اے ایم یو کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب کسی اے ایم یو استاد کا نام این سی ای آر ٹی/ایس سی ای آر ٹی کی درسی کتاب میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل 1970 کی دہائی کے اواخر میں پروفیسر اظہار حسین کا نام این سی ای آر ٹی کی ریاضی کی درسی کتابوں میں شامل ہوا تھا۔ جناب انصاری 2016 سے آئی بی کارڈف کے ساتھ ڈپلومہ ایگزامنر اور ٹیم لیڈر کی حیثیت سے بھی وابستہ ہیں۔

اس موقع پر اسکول کے طلبہ نے حب الوطنی کے جذبات سے پُر ایک نغمہ بھی پیش کیا۔ اس موقع خاصی تعداد میں اساتذہ اور طلہ موجود رہے ۔۔۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande