
نئی دہلی/پیرس، 06 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی وزارت ٹیکسٹائل کی سکریٹری نیلم شمی راو نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ بین الاقوامی تجارتی نمائش کے ہندوستانی پویلین میں سجائی گئی ’ہوز نیکسٹ‘ نمائش کا افتتاح کیا۔
مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائل کے مطابق، اس نمائش میں ہندوستان کے زرخیز فیشن، ہینڈلوم، دستکاری اور لائف اسٹائل ایکو سسٹم کے ثقافتی تنوع اور عالمی صلاحیت کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔ یورپ میں ہندوستان کی شرکت اور مقامی بازاروں تک ہندوستانی مصنوعات کی رسائی کو مستحکم بنانے کے مقصد سے ٹیکسٹائل سکریٹری نے ڈبلیو ایس این کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کی۔ اس دوران انہوں نے ڈبلیو ایس این کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) فریڈرک موس، انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ پروموشن کی ڈائریکٹر سینڈرین میجیان اور بزنس ڈیولپمنٹ کی ڈائریکٹر سلویا پوریٹ کے ساتھ ہندوستانی مصنوعات کی عالمی برآمدات کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
اس عالمی پلیٹ فارم پر 94 ہندوستانی نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد بین الاقوامی خریداروں اور ہندوستانی نمائش کنندگان کے مابین براہِ راست تجارتی تال میل (بزنس میچ میکنگ) پیدا کرنا، عالمی سطح پر ماحول دوست اور پائیدار فیشن کو فروغ دینا اور ہندوستان نیز ڈبلیو ایس این کے درمیان طویل مدتی شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔ اس سے ابھرتے ہوئے ہندوستانی برانڈز اور برآمد کنندگان کے لیے بین الاقوامی تجارت کی نئی راہیں کھلنے کی امید ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نیلم شمی راو کے دورۂ پیرس کے دوران ہندوستانی ٹیکسٹائل اور فیشن انڈسٹری کو عالمی افق پر نئی بلندیوں تک لے جانے کے مقصد سے ہندوستان اور فرانس کے درمیان پریمیئر ویژن نمائش کے موقع پر ایک تاریخی معاہدہ طے پایا۔ بھارت ٹیکسٹائل ٹریڈ فیڈریشن (بی ٹی ٹی ایف) اور تخلیقی فیشن و ملبوسات کے لیے دنیا کے معروف پلیٹ فارم ’پریمیئر ویژن ایس اے‘ نے بدھ کے روز (2 ستمبر) ایک کثیر سالہ اسٹریٹجک مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔
اس سے قبل نیلم راو نے للی میٹروپولیٹن علاقے میں ڈیکاتھلون اسپورٹس لیب کا دورہ کیا۔ یہ لیب اسپورٹس ویئر، پرفارمنس پروڈکٹس اور انسانی ضروریات پر مبنی ڈیزائن میں تحقیق پر مبنی اختراعات کا ایک اہم مرکز ہے۔ اس دورے کے دوران بائیو میکینکس، جسمانی ساخت (مارفولوجی)، موومنٹ سائنس، تھرمل کمفرٹ اور پروڈکٹ ٹیسٹنگ کے شعبے میں جاری جدید ترین کام کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس سے واضح ہوا کہ کس طرح تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ذریعے اعلیٰ کارکردگی والے، محفوظ اور زیادہ آرام دہ مصنوعات تیار کی جا سکتی ہیں۔
اپنے دورے کے دوران نیلم شمی راو نے ٹیکسٹائل انجینئرنگ اور اختراع سے متعلق فرانس کے ممتاز اداروں میں سے ایک اینسائٹ، روبے (اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی ادارہ) کا بھی دورہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن