
چنئی، 6 ستمبر (ہ س)۔ چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دلیپ ٹرافی-2026 کے فائنل میچ کے پہلے دن ایسٹ زون نے شاندار بلے بازی کی اور ساوتھ زون کے خلاف اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔
مشرقی زون نے دن کا اختتام چار وکٹوں کے نقصان پر 385 رنوںپر کیا۔ کپتان اور اسٹار وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن 111 اور کمار کشاگرا 63 پر ناٹ آوٹ ہیں۔
فائنل میں ایسٹ زون کے کپتان ایشان کشن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ٹیم نے جارحانہ انداز میں شروعات کی۔ نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی نے تیز رفتار اننگز کھیلی، 37 گیندوں پر 44 رن بنائے، حالانکہ وہ اپنی نصف سنچری مکمل نہیں کر سکے۔ اس کے بعد ابھیمنیو ایسوارن نے ذمہ داری سنبھالی اور 86 گیندوں پر 72 رنوں کی مفید اننگز کھیلی۔ ایسٹ زون کے بلے بازوں نے ساوتھ زون کے گیندبازوںپر دباو برقرار رکھا۔
شیکھر موہن نے بھی شاندار بلے بازی کی اور 85 رن بنائے۔ انہوں نے کپتان ایشان کشن کے ساتھ ایک اہم شراکت قائم کی اور ٹیم کو ایک مضبوط مقام پر پہنچایا۔ جب تک شیکھر آوٹ ہوئے، ایسٹ زون کا اسکور 241 تک پہنچ چکا تھا۔ کپتان ایشان کشن اور کمار کشاگرا نے پھر ٹیم کو بڑے اسکورکی طرف آگے بڑھایا۔ کشاگرا نے شاندار نصف سنچری بنا کر ٹیم کو 350 رنوں کا ہندسہ عبور کرایا۔
ایشان کشن نے کپتان کی اننگز کھیلی اور شاندار سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 122 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ اس سے پہلے انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے 4,000 رن بھی مکمل کیے۔ کشن کی جارحانہ اور پراعتماد اننگز نے فائنل کے پہلے ہی دن ایسٹ زون کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ پہلے دن کا کھیل مکمل طور پر ایسٹ زون کے حق میں رہا۔ ٹیم کے بلے بازوں نے ساوتھ زون کے گیندبازوں کو دن بھر دباو میں رکھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی