
نئی دہلی، 6 ستمبر (ہ س)۔ بھارتی ڈاک سروس(آئی پی او ایس) کے 1988 بیچ کے سینئر افسر ڈاکٹر ونے پرکاش سنگھ کو مسلسل دوسری مرتبہ ایشیائی بحرالکاہل ڈاک یونین (اے پی پی یو)کا سیکریٹری جنرل منتخب کر لیا گیا ہے۔
وزارتِ مواصلات کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں منعقدہ اے پی پی یو کی 14ویں کانگریس میں ڈاکٹر ونے پرکاش سنگھ کو متفقہ طور پر بلا مقابلہ منتخب کیا گیا۔ ان کا دوبارہ انتخاب ایشیا بحرالکاہل خطے میں ہندوستان کی قیادت پر رکن ممالک کے مضبوط اعتماد اور بین الاقوامی ڈاک سفارت کاری میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کی دوسری مدتِ کار جنوری 2027 سے شروع ہو کر دسمبر 2030 تک جاری رہے گی۔
ڈاکٹر سنگھ کا دوبارہ انتخاب ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایشیائی بحرالکاہل ڈاک یونین خطے میں ڈاک کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ بینکاک میں قائم یہ یونین 32 رکن ممالک پر مشتمل ایک بین الحکومتی تنظیم ہے اور اقوام متحدہ کے ڈاک کے شعبے کی خصوصی ایجنسی یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کے علاقائی یونین کے طور پر کام کرتی ہے۔ان کی دوسری مدتِ کار خطے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور ڈاک کے شعبے سے متعلق مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے کے لیے نئے مواقع فراہم کرے گی۔
ڈاکٹر ونے پرکاش سنگھ نے تین دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط اپنے کیریئر کے دوران مرکزی حکومت میں متعدد اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ ان میں ڈاک سروس بورڈ کے رکن، محکمہ ڈاک میں سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اور چیف ویجیلنس افسر، اتر پردیش سرکل کے چیف پوسٹ ماسٹر جنرل اور انڈیا پوسٹ ہیڈکوارٹرز میں چیف جنرل منیجر جیسے اہم عہدے شامل ہیں۔انہوں نے یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی)، افغانستان میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور آرمی پوسٹل سروس کور میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔ڈاکٹر سنگھ ایک ماہر تعلیم بھی ہیں۔ انہوں نے الہ آباد یونیورسٹی سے جدید تاریخ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے، جبکہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) دہلی سے مینجمنٹ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ونے پرکاش سنگھ نے 2022 میں اے پی پی یو کی 13ویں کانگریس میں پہلی مرتبہ انتخاب جیتنے کے بعد جنوری 2023 میں سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اپنے پہلے دور میں انہوں نے رکن ممالک کی ڈاک انتظامیہ کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پورے خطے میں ڈاک خدمات کی ترقی اور جدید کاری میں اہم کردار ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan