
اے ایم یو کی زمین اور طلبہ یونین انتخابات پر سابق طلبہ یونین عہدیداران متحد، جلد ہوگی بڑی میٹنگ
علی گڑھ, 06 ستمبر (ہ س) ۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے سابق عہدیداران کی ایک اہم میٹنگ اتوار کو علی گڑھ کے اولڈ بوائز لاج میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں اے ایم یو اور اس کے طلبہ سے متعلق مختلف اہم مسائل پر تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔ خاص طور پر یونیورسٹی کی زمین پر مبینہ قبضوں، گزشتہ تقریباً آٹھ برسوں سے طلبہ یونین کے انتخابات نہ ہونے، کیمپس میں جمہوری نمائندگی اور یونیورسٹی کی خود مختاری جیسے معاملات زیر بحث رہے۔
میٹنگ میں سابق عہدیداران نے کہا کہ اے ایم یو اسٹوڈینٹ یونین صرف انتخابات کرانے کا ایک نظام نہیں بلکہ اے ایم یو کی جمہوری روایت، طلبہ قیادت، باہمی مکالمے اور طلبہ کی آواز کو مضبوط بنانے والا ایک اہم ادارہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں جمہوری نمائندگی اور مکالمے کی روایت کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
سابق عہدیداران نے اے ایم یو کی زمین سے متعلق تنازع پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی زمین، ادارہ جاتی خود مختاری اور اس کے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ افراد کو قانونی اور جمہوری طریقے سے متحد ہو کر کوشش کرنی چاہیے۔
میٹنگ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ حالات میں سابق طلبہ یونین عہدیداران کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ شرکاء نے کہا کہ اے ایم یو اس وقت جن چیلنجز اور مسائل کا سامنا کر رہی ہے، ان سے نمٹنے کے لیے سابق طلبہ رہنماؤں، طلبہ اور اساتذہ کو ایک پلیٹ فارم پر آکر مثبت اور تعمیری انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔
میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد ہی اموسو کے تمام سابق عہدیداران کی ایک بڑی میٹنگ منعقد کی جائے گی، جس میں طلبہ اور اساتذہ کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں یونیورسٹی سے متعلق مختلف مسائل پر اجتماعی طور پر غور و خوض کر کے آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
میٹنگ میں شریک سابق عہدیداران نے اتحاد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو کی وراثت کا تحفظ صرف ماضی کو یاد کرنے کا نام نہیں، بلکہ موجودہ دور میں یونیورسٹی کے مفادات کی حفاظت کرتے ہوئے اس کے مستقبل کو بہتر سمت دینا بھی ضروری ہے۔
میٹنگ میں سابق اموسو عہدیداران محمد فرقان (نائب صدر، 1979)، خالد مسعود (صدر، 1994)، ایوب شباب (سکریٹری، 1990)، حیدر علی خان اسد (نائب صدر، 1991)، سید ماجن حسین زیدی (نائب صدر، 2006-07)، حماد نبی (سکریٹری، 2011-12)، شہزاد عالم برنی (صدر، 2012-13)، توصیف عالم (نائب صدر، 2012-13)، شاہ زیب ’آشو‘ (سکریٹری، 2014-15)، ندیم انصاری (نائب صدر، 2016-17) اور ڈاکٹر ایم۔ سلمان امتیاز (سبکدوش ہونے والے صدر، 2018-19) موجود رہے۔
’’ماضی کی وراثت کا تحفظ، حال کا دفاع اور مستقبل کی تعمیر‘‘ کے پیغام کے ساتھ سابق عہدیداران نے اے ایم یو اور اس کے طلبہ برادری کے مفادات کے لیے متحد ہو کر جمہوری اور آئینی طریقے سے آگے بڑھنے پر زور دیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ