
نئی دہلی، 5 ستمبر (ہ س)۔ لائف انشیورنس کارپوریشن آف انڈیا (ایل آئی سی) کو آئی سی آئی سی آئی بینک میں 9.99 فیصد شیئر خریدنے کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) سے منظوری مل گئی ہے۔
آئی سی آئی سی آئی بینک نے ہفتہ کو اسٹاک ایکسچینج کو کی گئی ریگولیٹری فائلنگ میں بتایا کہ ایل آئی سی نے آئی سی آئی سی آئی بینک میں 9.99 فیصد شیئر خریدنے کے لیے آر بی آئی سے منظوری حاصل کر لی ہے۔ اس منظوری کے بعد دونوں کے درمیان معاہدہ مکمل کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ آر بی آئی کی جانب سے جاری منظوری نامہ 4 ستمبر 2026 کو رات 9:09 بجے موصول ہوا۔ اجازت ملنے کے بعد اب ایل آئی سی اگلے ایک سال کے اندر بینک میں اپنی حصص داری بڑھا سکے گی۔
آر بی آئی کی اس منظوری میں آئی سی آئی سی آئی بینک کے ادا شدہ شیئر کیپیٹل یا ووٹنگ رائٹس میں 9.99 فیصد شیئر کی بات کی گئی ہے۔ یہ منظوری ایک سال کے لیے مؤثر ہے۔ اگر اس دوران ایل آئی سی نے معاہدہ مکمل نہیں کیا تو منظوری ختم ہو جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ آئی سی آئی سی آئی بینک سے قبل ایل آئی سی کو ملک کے سب سے بڑے نجی شعبے کے بینک ایچ ڈی ایف سی بینک میں بھی اپنی حصہ داری بڑھانے کی اجازت مل چکی ہے۔ 19 اگست کو بینک کی ریگولیٹری فائلنگ کے مطابق ریزرو بینک نے ایل آئی سی کو ایچ ڈی ایف سی بینک کے ادا شدہ شیئر کیپیٹل یا ووٹنگ رائٹس میں 9.99 فیصد تک شیئر حاصل کرنے کی اجازت دی تھی۔ فائلنگ کے اعداد و شمار کے مطابق ایل آئی سی کے پاس پہلے ہی بینک کی مجموعی شیئر کیپیٹل کا 4.11 فیصد حصہ موجود تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد