
نئی دہلی، 5 ستمبر (ہ س)۔ شاہدرہ ضلع پولیس کی اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس نے منشیات اسمگلنگ کے الزام میں ایک اسمگلر کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کی شناخت راکی عرف پردیپ (35) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے 282 گرام اعلیٰ معیار کی ہیروئن برآمد کی ہے، جس کی قیمت تقریباً ایک کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ اس کے پاس سے ایک اسکوٹی بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس ڈپٹی کمشنر آر پی مینا کے مطابق، اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس کو اطلاع ملی تھی کہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث ایک ملزم سیماپوری میں دہلی جل بورڈ کے قریب ڈئیر پارک علاقے میں آنے والا ہے۔ اطلاع کی بنیاد پر ٹیم نے موقع پر ناکہ بندی کر دی۔ کچھ دیر بعد ایک نوجوان اسکوٹی پر وہاں پہنچا۔ پولیس نے اسے روک کر تلاشی لی تو اس کے پاس موجود ایک پیکٹ سے 282 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
اس کے بعد پولیس نے راکی عرف پردیپ کو گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے بتایا کہ وہ یمنا پار کے علاوہ دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں ہیروئن سپلائی کرتا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ اسے بریلی سے ہیروئن ملتی تھی۔ ملزم کے مطابق، سیماپوری میں ہی اس کا سپلائر اسے منشیات فراہم کرتا تھا۔
پولیس اب ملزم کے سپلائر کا پتہ لگانے میں مصروف ہے۔ یہ بھی تفتیش کی جا رہی ہے کہ بریلی سے ہیروئن کی کھیپ کس کے ذریعے سیماپوری تک پہنچتی تھی اور اس نیٹ ورک میں مزید کون کون لوگ شامل ہیں۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق راکی کے خلاف پہلے ہی منشیات اسمگلنگ کے چار مقدمات درج ہیں۔ پولیس اس سے پوچھ گچھ کرکے پورے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد