
کٹھوعہ پولیس نے منشیات فروش کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا
جموں، 05 ستمبر (ہ س)۔ کٹھوعہ میں پولیس نے منشیات کی مبینہ اسمگلنگ میں ملوث ایک شخص کو پِٹ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا ہے۔پولیس کے مطابق چک دراب خان کے رہائشی جسویر سنگھ کے خلاف پولیس اسٹیشن کٹھوعہ میں 2018، 2022 اور 2026 میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت تین مقدمات درج ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے جسویر سنگھ کے خلاف ڈوزیئر تیار کرکے جموں کے ڈویژنل کمشنر کو بھیجا گیا تھا۔ بعد ازاں ڈویژنل کمشنر نے اس کی حراست کے احکامات جاری کیے، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے جیل منتقل کردیا۔
ایک الگ کارروائی میں پولیس نے ہفتہ کی صبح بلاور کے رام کوٹ علاقے کے گالک مقام پر ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 7 گرام ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق مشتبہ حالت میں گھومنے والے ارجن کو روک کر تلاشی لی گئی، جس کے دوران منشیات برآمد ہوئی۔ اس کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر