
نئی دہلی، 05 ستمبر (ہ س)۔ اڈانی ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس اور انڈو -رشین رائفلز پرائیویٹ لمیٹڈ (آئی آر آر پی ایل) نے ہندوستانی مسلح افواج کی جدید اے کے -203 اسالٹ رائفل کے لیے گولہ بارود کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہفتہ کو ایک تاریخی پانچ سالہ معاہدہ کیا ہے۔
کمپنی نے جاری ایک بیان میں بتایا ہے کہ اڈانی ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس نے انڈو -رشین رائفلز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ پانچ سالہ معاہدہ کیا ہے ۔ معاہدے کے تحت، اڈانی ڈیفنس پانچ سال تک کے لیے اے کے -203 کے لیے 7.62x39ایم ایم گولہ بارود فراہم کرے گا۔
اس معاہدے سے آئی آر آر پی ایل کے ذریعہ اے کے -203 رائفلز اور اڈانی ڈیفنس اور ایرو اسپیس کی طرف سے گولہ بارود کی تیاری ایک ساتھ آ گئی ہے، جس سے ہندوستان میں ایک مربوط سپلائی چین بن رہی ہے۔ یہ معاہدہ اس پروگرام کے لیے دیسی ساختہ 7.62x39 ایم ایم چھوٹے کیلیبر والے گولہ بارود کی فراہمی کے لئے کیا گیا ہے ۔
آئی آر آر پی ایل ہندوستانی-روس کا مشترکہ منصوبہ ہے جو ہندوستان میں اے کے -203 اسالٹ رائفل تیار کرتا ہے۔ اڈانی ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس اور انڈو- رشین رائفلز پرائیویٹ لمیٹڈ کا قیام 2019 میں ہندوستان اور روس کے حکومت سے حکومت کے درمیان ہندوستانی مسلح افواج کے لیے اے کے -203 اسالٹ رائفل کی تیاری کے معاہدے کے تحت کیا گیا تھا۔ اس کا مینوفیکچرنگ یونٹ کوروا، امیٹھی ضلع، اتر پردیش میں واقع ہے۔
اڈانی ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس کمپنی نے ہندوستان میں چھوٹے کیلیبر کے گولہ بارود کے لیے مینوفیکچرنگ کی صلاحیتیں تیار کی ہیں، جس میں کانپور میں ایک سہولت بھی شامل ہے جہان چھوٹے کیلیبر کا گولہ بارود بھی تیار کیا جا سکتا ہے۔ یہ معاہدہ چھوٹے ہتھیاروں کی سپلائی چین میں گھریلو صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرتا ہے اور دفاعی مینوفیکچرنگ میں 'آتم نر بھر بھارت‘ کے ہدف کو فروغ دیتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس مشترکہ منصوبے میں ہندوستانی شیئر ہولڈرز ایڈوانسڈ ویپنز اینڈ ایکوپمنٹ انڈیا لمیٹڈ اور میونیشنز انڈیا لمیٹڈ ہیں۔ روسی شیئر ہولڈرز کنسرن کلاشنکوف اور روزو بورون ایکسپورٹ ہیں۔ یہ انتظام پروگرام کے لیے درکار گولہ بارود کا ایک ہندوستانی ذریعہ فراہم کرتا ہے اور معاہدے کی پوری مدت میں مسلسل فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد