بنگالی سنیما کے عظیم اداکار اتم کمار کے نام پر نیو ٹاؤن میں فلم سینٹر قائم ہوگا
کولکاتا، 4 ستمبر (ہ س)۔ بنگالی سنیما کے عظیم اداکار اتم کمار کی صد سالہ یومِ پیدائش کے موقع پر ریاستی حکومت نے فلمی دنیا سے متعلق ایک اہم پہل کی ہے۔ ریاست کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے نیو ٹاو¿ن میں ’اتم کمار فلم سینٹر‘ تعمیر کیا جائے گا۔
بنگالی سنیما کے عظیم اداکار اتم کمار کے نام پر نیو ٹاؤن میں فلم سینٹر قائم ہوگا


کولکاتا، 4 ستمبر (ہ س)۔

بنگالی سنیما کے عظیم اداکار اتم کمار کی صد سالہ یومِ پیدائش کے موقع پر ریاستی حکومت نے فلمی دنیا سے متعلق ایک اہم پہل کی ہے۔ ریاست کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے نیو ٹاو¿ن میں ’اتم کمار فلم سینٹر‘ تعمیر کیا جائے گا۔ تقریباً 25 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس فلم سینٹر کی سنگِ بنیاد رکھی جائے گی۔ جمعہ کی صبح وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے عظیم اداکار اتم کمار کی صد سالہ یومِ پیدائش کے موقع پر منعقدہ واک کی قیادت کی۔

اس سے قبل جمعرات کی شام نندن کمپلیکس میں ریاستی حکومت کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کی پہل پر عظیم اداکار اتم کمار کے صد سالہ سال کی تقریبات کا آغاز کیا گیا۔

حکومت کے مطابق مجوزہ اتم کمار فلم سینٹر کو تین اہم حصوں میں تیار کیا جائے گا۔ پہلے حصے میں 700 سے 750 نشستوں کی گنجائش والے دو سنیما ہال، ایک پری ویو تھیٹر، فوڈ کورٹ اور گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت ہوگی۔ دوسرے حصے میں ثقافتی پروگراموں کے لیے تقریباً 1,000 ناظرین کی گنجائش والا آڈیٹوریم اور اوپن ایئر تھیٹر بنایا جائے گا۔

فلم سینٹر کا تیسرا حصہ جدید فلمی ٹیکنالوجی پر مرکوز ہوگا۔ یہاں اینیمیشن، ویژول ایفیکٹس، گیمنگ، کامکس، ورچوئل رئیلٹی اور فلموں کی تیاری کے بعد کے تکنیکی کاموں کے لیے لیبارٹریاں اور اسٹوڈیوز تیار کیے جائیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ سہولت ریاست کی میڈیا اور تفریحی صنعت کے لیے ایک اہم معاون مرکز کے طور پر کام کرے گی۔

مغربی بنگال حکومت کے مطابق بنگالی فلموں میں اینیمیشن اور ویژول ایفیکٹس کا کردار آنے والے وقت میں مزید اہم ہونے والا ہے۔ خاندانی کہانیوں کے ساتھ اب ایڈونچر اور خیالی فلموں کی مقبولیت بھی بڑھ رہی ہے۔ ایسے میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فلموں میں جنگلات، خیالی مخلوقات اور قدیم شہروں جیسے مناظر کو زیادہ حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

حکومت کا ماننا ہے کہ نیو ٹاو¿ن میں یہ سہولت دستیاب ہونے سے مقامی نوجوان بڑی تعداد میں فلم اور تفریحی صنعت سے وابستہ ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ فلم سازی سے متعلق جدید ٹیکنالوجی نسبتاً آسانی سے دستیاب ہونے کی وجہ سے فلم سازوں کے لیے کاروبار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ اگلے چند برسوں میں اتم کمار فلم سینٹر کی تعمیر مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande