
پریاگ راج، 04 ستمبر (ہ س)۔ آئندہ تین دنوں کے دوران پریاگ راج سمیت مشرقی اتر پردیش میں ہلکی سے درمیانی بارش کے امکانات ہیں۔ ریاست میں مانسون کی سرگرمی برقرار ہے۔ یہ پیشین گوئی جمعہ کے روز ہندوستان کے محکمہ موسمیات، لکھنو مرکز نے جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، 4 ستمبر سے 8 ستمبر تک ریاست میں بارش کی پیشین گوئی جاری کی گئی ہے۔ پریاگ راج سمیت مشرقی اتر پردیش کے بیشتر حصوں میں اگلے تین دنوں تک ہلکی سے درمیانی بارش کے امکانات ہیں۔ وہیں، مغربی اتر پردیش کے کچھ اضلاع میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 4 ستمبر کو مغربی اتر پردیش کے چند مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے، جبکہ 5 اور 6 ستمبر کو بھی متعدد علاقوں میں بارش کے امکانات برقرار رہیں گے۔ چندر شیکھر آزاد یونیورسٹی آف ایگریکلچر اینڈ ٹیکنالوجی (سی ایس اے)، کانپور کے ماہر موسمیات ڈاکٹر ایس این سنیل پانڈے کے مطابق، اگلے چند دنوں میں ریاست کے کئی حصوں میں بادلوں کی آمد و رفت جاری رہے گی۔ فضا میں نمی اور مانسونی سرگرمیوں کے اثر سے مقامی سطح پر بارش ہو سکتی ہے۔ پریاگ راج اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ کہیں کہیں گرج چمک کی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو موسم کی تبدیلی کے دوران احتیاط برتنے کی صلاح دی ہے۔
محکمہ موسمیات کی 4 ستمبر کی پیشین گوئی میں مغربی اترپردیش کے سہارنپور، علی گڑھ، متھرا، ہاتھرس، آگرہ، فیروز آباد، اٹاوہ، بجنور، جھانسی، للت پور سمیت ملحقہ علاقوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مشرقی اترپردیش میں بھی کئی مقامات پر بارش کا اندازہ ہے۔
پانچ ستمبر کو مغربی اتر پردیش کے چند مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔ اس دن سہارنپور، شاملی، مظفر نگر، باغپت، میرٹھ، ہاپوڑ، بلند شہر، متھرا، ہاتھرس، علی گڑھ، مین پوری، ایٹہ، آگرہ، فیروز آباد، بجنور، امروہہ، غازی آباد، رام پور، سنبھل، بدایوں سمیت کئی اضلاع میں بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
چھ ستمبر کو بھی مغربی اور مشرقی اترپردیش کے کئی حصوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں کے دوران بارش کے ساتھ گرج چمک کی صورتِ حال پیدا ہونے کے امکان کے پیشِ نظر لوگوں کو ہوشیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔
ڈاکٹر سنیل پانڈے نے بتایا کہ بارش کے سبب درجہ حرارت میں کچھ گراوٹ آسکتی ہے اور موسم نسبتاً خوشگوار رہے گا۔ تاہم، مقامی سطح پر اچانک تیز بارش اور گرج چمک کی نوبت آ سکتی ہے۔ ایسے میں شہریوں کو کھلے مقامات اور درختوں کے نیچے کھڑے ہونے سے گریز کرنا چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن