
نئی دہلی، 04 ستمبر (ہ س)۔ مسلسل 4 کاروباری دنوں سے گراوٹ کا سامنا کر رہے گھریلو شیئر بازار کے لیے جنم اشٹمی کا دن راحت والا دن رہا۔ دن کے دوسرے سیشن میں جم کر منافع وصولی ہونے کے باوجود شیئر بازار آج مضبوطی کے ساتھ کاروبار کا اختتام کرنے میں کامیاب رہا۔ آج کے کاروبار کی شروعات بھی مضبوطی کے ساتھ ہوئی تھی۔ بازار کھلنے کے کچھ دیر بعد خریداروں نے خریداری شروع کر دی، جس کے تعاون سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس کی چال میں مزید تیزی آ گئی۔تاہم، دن کے دوسرے سیشن میں فروخت کنندگان کی جانب سے فروخت شروع ہونے کی وجہ سے یہ دونوں انڈیکس اوپری سطح سے پھسل گئے۔ پورے دن کے کاروبار کے بعد سینسیکس 0.48 فیصد اور نفٹی 0.10 فیصد کے اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔ بازار کی مضبوطی کے باوجود مڈ کیپ شیئروں کی فروخت کے سبب سرمایہ کاروں کو آج تقریباً 41 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہو گیا۔بی ایس ای کا سینسیکس آج 504.16 پوائنٹس یعنی 0.66 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 76,657.02 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ ابتدائی 20 منٹ کے کاروبار میں فروخت کے دباو کی وجہ سے اس انڈیکس کی صورت حال تھوڑی کمزور پڑی، لیکن اس کے بعد خریداری کے تعاون سے اس انڈیکس کی چال میں تیزی آ گئی۔ مسلسل ہو رہی خریداری کے تعاون سے دوپہر 12 بجے سے تھوڑی دیر پہلے سینسیکس 730.28 پوائنٹس یعنی 0.96 فیصد کی چھلانگ لگا کر 76,883.14 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔تاہم، دن کے دوسرے سیشن میں یہ انڈیکس اپنی مضبوطی برقرار نہیں رکھ سکا۔ بازار میں منافع وصولی شروع ہونے کی وجہ سے اس انڈیکس کی چال کمزور پڑنے لگی۔ شیئروں کی مسلسل ہو رہی فروخت کی وجہ سے سینسیکس دن کی اوپری سطح سے 367.71 پوائنٹس پھسل کر 362.57 پوائنٹس یعنی 0.48 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 76,515.43 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔سینسیکس کی طرح ہی این ایس ای کے نفٹی نے آج 37.45 پوائنٹس یعنی 0.16 فیصد کے اضافے کے ساتھ 23,910.90 پوائنٹس کی سطح سے کاروبار کی شروعات کی۔ بازار کھلنے کے بعد کچھ دیر تک فروخت کا دباو بنا رہا، لیکن اس کے بعد خریداروں نے سرگرم ہو کر خریداری شروع کر دی۔ خریداری کے تعاون سے دوپہر 11.30 بجے سے تھوڑی دیر بعد نفٹی 132.30 پوائنٹس یعنی 0.55 فیصد کی تیزی کے ساتھ 24,005.75 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔دن کے دوسرے سیشن کے دوران بازار میں منافع وصولی کے باعث فروخت کا دباو بن گیا، جس کے سبب اس انڈیکس کی چال بھی کمزور پڑنے لگی۔ فروخت کنندگان کی مسلسل فروخت کے باعث آج کا کاروبار ختم ہونے سے تھوڑی دیر پہلے یہ انڈیکس اوپری سطح سے تقریباً 110 پوائنٹس گر کر 23,895.85 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ پورے دن کے کاروبار کے بعد نفٹی 24.25 پوائنٹس یعنی 0.10 فیصد کی معمولی مضبوطی کے ساتھ 23,897.70 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔آج دن بھر کے کاروبار کے دوران میٹل سیکٹر کے شیئروں کی جم کر خریداری ہوتی رہی۔ خریداری کے تعاون سے بی ایس ای کا میٹل انڈیکس 1.42 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح آئل اینڈ گیس، پبلک سیکٹر انٹرپرائز، ایف ایم سی جی اور کنزیومر ڈیوریبل انڈیکس بھی مضبوطی کے ساتھ سبز نشان میں بند ہوئے۔ دوسری طرف، رئیلٹی، آئی ٹی اور فارماسیوٹیکل سیکٹر کے شیئروں کی آج مسلسل فروخت ہوتی رہی۔اس کے علاوہ بینکنگ، آٹوموبائل اور کیپیٹل گڈز انڈیکس بھی کمزوری کے ساتھ سرخ نشان میں بند ہوئے۔ براڈر مارکیٹ میں آج ملا جلا کاروبار ہوتا رہا۔ نفٹی کا مڈ کیپ انڈیکس 0.25 فیصد کی کمزوری کے ساتھ بند ہوا۔ دوسری جانب، اسمال کیپ انڈیکس نے 0.22 فیصد کی تیزی کے ساتھ آج کے کاروبار کا اختتام کیا۔آج شیئر بازار میں مڈ کیپ شیئروں پر بنے دباو کی وجہ سے شیئر بازار کے سرمایہ کاروں کے اثاثوں میں 40 ہزار کروڑ روپے سے زائد کی کمی واقع ہوئی۔ بی ایس ای میں لسٹڈ کمپنیوں کا مارکیٹ کیپیٹلائزیشن آج کے کاروبار کے بعد گھٹ کر 488.31 لاکھ کروڑ روپے (عارضی) رہ گیا۔ گزشتہ کاروباری دن یعنی جمعرات کو ان کا مارکیٹ کیپیٹلائزیشن 488.72 لاکھ کروڑ روپے تھا۔ اس طرح سرمایہ کاروں کو آج کے کاروبار سے تقریباً 41 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہو گیا۔آج دن بھر کے کاروبار کے دوران این ایس ای میں 3,241 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہوئی۔ ان میں سے 1,808 شیئر منافع کما کر سبز نشان میں اور 1,433 شیئر نقصان اٹھا کر سرخ نشان میں بند ہوئے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 19 شیئر اضافے کے ساتھ اور 11 شیئر گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ جبکہ نفٹی میں شامل 50 شیئروں میں سے 22 شیئر سبز نشان میں اور 28 شیئر سرخ نشان میں بند ہوئے۔آج دن بھر ہوئی خرید و فروخت کے بعد شیئر بازار کے سرکردہ شیئروں میں سے ایس بی آئی لائف انشورنس 3.50 فیصد، ٹاٹا اسٹیل 2.49 فیصد، ایچ ڈی ایف سی لائف 2.42 فیصد، ریلائنس انڈسٹریز 1.50 فیصد اور ٹرینٹ لمیٹڈ 1.33 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ آج کے ٹاپ 5 گینرس کی فہرست میں شامل ہوئے۔ دوسری طرف، ایچ سی ایل ٹیکنالوجی 1.94 فیصد، بھارتی ایئرٹیل 1.55 فیصد، ماروتی سوزوکی 1.27 فیصد، کول انڈیا 1.12 فیصد اور بجاج فن سروس 1.11 فیصد کی کمزوری کے ساتھ آج کے ٹاپ 5 لوزرس کی فہرست میں شامل ہوئے۔ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن