
نئی دہلی، 4 ستمبر(ہ س)۔ ہندوستان اور جاپان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تاریخی ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلہ 22 ستمبر کو جاپان کے توچیگی صوبہ کے سنو انٹرنیشنل کرکٹ گراونڈ میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ بھارت-جاپان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز ہوگا۔ اس مقابلے کا نام سوزوکی کپ ہے۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری دیوجیت سائیکیا نے جمعہ کو کہا، بی سی سی آئی اس تاریخی موقع کا حصہ بن کر بے حد خوش ہے جب ہندوستانی اور جاپانی مردوں کی ٹیمیں جاپان میں ایک خصوصی ٹی 20 انٹرنیشنل کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ کرکٹ کے لیے ایک اہم لمحہ ہے، کیونکہ ہندوستانی ٹیم ایک نئے علاقے میں جا رہی ہے اور اس سے کھیل کو جاپان اور مشرقی ایشیا میں بڑے سامعین تک لے جانے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات اور دوستی ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ کرکٹ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کا حصہ بنے گی۔ ہم اس میچ کو ممکن بنانے کی کوششوں کے لیے جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
بی سی سی آئی کا ماننا ہے کہ کرکٹ کو اپنے روایتی علاقوں سے آگے بڑھنا چاہیے اور دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ بورڈ کے طور پر ہم اس ترقی میں تعاون کی اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہیں۔ بی سی سی آئی آنے والے سالوں میں جاپان میں کرکٹ کو مزید مستحکم کرنے اور اس رشتے کو آگے بڑھانے کے لیے جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن کے سی ای او نوکی میاجی نے کہا: یہ ہماری ایسوسی ایشن کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے کہ ہم ایک عالمی چیمپئن ٹیم کو جاپان میں کرکٹ کے گھر میں مدعو کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔ ہم اس مقصد کے لیے ہمارے ساتھ کام کرنے کے لیے بی سی سی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہندوستانی کرکٹ شائقین کے جوش و خروش کا خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔
ہم کرکٹ کے شوقین مقامی جاپانی لوگوں سے بھی فعال طور پر اپیل کرتے ہیں کہ وہ آئیں اور ہماری ٹیم کاحوصلہ بڑھائیں۔ یہ واقعی ایک یادگار موقع ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی