
نئی دہلی، 4 ستمبر (ہ س)۔ صدر جمہوریہ ہنددروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سمیت دیگر رہنماؤں نے جمعہ کو شری کرشن جنم اشٹمی کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’جنم اشٹمی کے مبارک موقع پر میں ملک اور بیرون ملک مقیم تمام ہندوستانیوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔ بھگوان شری کرشن کی زندگی اور ان کے پیغامات ہندوستانی ثقافت اور فلسفے کے لیے توانائی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے سچائی، دھرم، انصاف، رحم دلی اور بے لوث عمل کا راستہ دکھایا۔ آئیے، اس مبارک موقع پر ہم سب بھگوان شری کرشن کے نظریات کو اپنانے اور ایک جامع و ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے مسلسل کام کرنے کا عزم کریں۔‘‘
نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ بھگوان شری کرشن کی زندگی اور ان کی تعلیمات انسانیت کو سچائی، دھرم، فرض اور نیک کردار کی راہ پر چلنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس موقع پر ہمیں بھگوان شری کرشن کی لازوال تعلیمات کو اپنی زندگی میں اپنانے اور معاشرے میں اتحاد، امن اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھگوان شری کرشن کے پیغامات میں بے لوث عمل کی شاندار تحریک پوشیدہ ہے، جو مسلسل انسانیت کی رہنمائی کرتی رہی ہے۔ انہوں نے پراتھناکی کہ بھگوان شری کرشن کی بھکتی اور عبادت سے وابستہ یہ مقدس تہوار ہر شخص کی زندگی میں مثبت توانائی اور قوت پیدا کرے۔ جے شری کرشن!
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ ’’شری کرشن، گووند، ہرے مراری، ہے ناتھ نارائن، واسودیو‘‘ کے یوم پیدائش پر میری پراتھنا ہے کہ ہر گھر میں خوشی و سکون، ہر دل میں اعتماد اور ہر زندگی میں نئی توانائی و جوش پیدا ہو۔ انہوں نے جنم اشٹمی کے موقع پر یہ بھی پراتھنا کی کہ تمام عقیدت مندوں پر بھگوان شری کرشن کی کرپا بنی رہے اور ملک و معاشرہ سچائی، انصاف اور انسانیت کی راہ پر مسلسل آگے بڑھتا رہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ شریمد بھگود گیتا میں بھگوان شری کرشن کا لازوال پیغام عمل سے وابستگی، دانش مندی، صبر اور عوامی فلاح کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ بھگوان شری کرشن کی کرپا سے ملک میں خوشی، امن، خوشحالی اور ترقی برقرار رہے اور ہر خاندان کی زندگی میں مسرت، امید اور نئی توانائی پیدا ہو۔
مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ نے کہا کہ دھرم، پالیسی اور عوامی فلاح کی علامت یوگیشور بھگوان شری کرشن سب پر اپنی کرپا برقرار رکھیں۔
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ تہوار ہر شخص کی زندگی کو خوشی اور مسرت سے بھر دے گا۔
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی جنم اشٹمی کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پراتھنا کی کہ سب کی زندگی میں خوشی، امن، خوشحالی اور آسودگی برقرار رہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan