
قرطبہ، 3 ستمبر (ہ س)۔ ارجنٹینا کے مایہ نازفٹ بال کھلاڑی لیونل میسی کو بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد کوپا ارجنٹیناکے میچ میں جذباتی الوداعی دی گئی۔ میسی کو اعزاز دینے کے لیے 10 ویں منٹ میں ویلز سارسفیلڈ اور بوکا جونیئرز کے درمیان میچ کو مختصر طور پر روک دیا گیا۔
اسٹیڈیو ماریو البرٹو کیمپس میں تماشائیوں نے اپنی نشستوں سے اٹھ کر ارجنٹینا کے عظیم کھلاڑی کے اعزاز میں تالیاں بجائیں۔ میسی نے 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کے بعد اپنے شاندار بین الاقوامی کیریئر کووقفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ استقبالیہ تقریب کے دوران میسی کے سابق بین الاقوامی ساتھی لیاندرو پریدیس اور مینوئل لانزینی بھی پچ پر موجود تھے۔ میچ ریگولیشن ٹائم میں 0-0 سے بغیر کسی گول کے ختم ہوا، جس کے بعد بوکا جونیئرز نے پنالٹی شوٹ آوٹ میں 3-4 سے کامیابی حاصل کی۔
روزاریو کے اس مایہ نازکھلاڑی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام ارجنٹینا کے لیے 207 مقابلوں میں 125 گول اور 68 اسسٹ کے ساتھ کیا۔ ان کے 21 طویل کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی 2022 میں قطر میں ارجنٹینا کو فیفا ورلڈ کپ کا خطاب دلانا تھی۔ میسی کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021 اور 2024 میں کوپا امریکہ کا خطاب بھی جیتا تھا۔ 2021 کی فتح کے ساتھ، ارجنٹینا نے 28 سال کے بعد اپنے بڑے خطاب سے محرومی کا خاتمہ کیا تھا۔
یہ دوسرا موقع ہے جب میسی نے بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے مسلسل تین فائنل ہارنے کے بعد 2016 میں ارجنٹینا کے کپتان کے طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ تاہم کچھ عرصے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ بدل کر قومی ٹیم میں واپسی کی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی