
جکارتہ، 03 ستمبر (ہ س)۔ ہندوستان کے تجربہ کار شٹلر ایچ ایس پرنائے کو جمعرات کے روز انڈونیشیا ماسٹرز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مردوں کے سنگلز کے راونڈ آف 16 (آخری-16) کے مقابلے میں ٹاپ سیڈ پرنائے کو چین کے شوان چن ژو نے 20-22، 15-21 سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
پہلے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ ژو نے جب بھی دو یا تین پوائنٹس کی برتری حاصل کی، پرنائے نے شاندار واپسی کرتے ہوئے فرق کو کم کیا۔ 18-16 سے پچھڑنے کے بعد پرنائے نے لگاتار تین پوائنٹس لے کر 18-19 کی برتری حاصل کر لی، لیکن ژو نے اسکور 19-19 کر دیا۔ اس کے بعد دونوں 20-20 کی برابری پر پہنچ گئے، تاہم چینی کھلاڑی نے لگاتار دو پوائنٹس حاصل کر کے پہلا گیم 20-22 سے اپنے نام کر لیا۔
دوسرے گیم میں ژو نے آغاز ہی سے دبدبہ قائم رکھا اور پرنائے کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا۔ انہوں نے دوسرا گیم 15-21 سے جیت کر 45 منٹ میں مقابلہ اپنے نام کر لیا۔
پرنائے نے اس سے قبل بدھ کے روز راونڈ آف 32 (آخری-32) کے مقابلے میں چائنیز تائی پے کے لیاو ژوو-فو کو ایک گیم سے پچھڑنے کے بعد 21-18، 15-21، 19-21 سے ہرایا تھا۔ عالمی رینکنگ میں 39 ویں نمبر پر براجمان پرنائے نے 1 گھنٹہ 4 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں کامیابی حاصل کر کے راونڈ آف 16 میں جگہ بنائی تھی۔
پرنائے کو ابتدائی راونڈ میں بائی ملی تھی۔ وہ جولائی کے آخر میں تائی پے اوپن میں کھیلنے کے بعد کورٹ پر واپس لوٹے تھے، جہاں وہ راونڈ آف 16 میں باہر ہو گئے تھے۔ انہیں نئی دہلی میں منعقدہ ورلڈ بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی۔
خواتین کے سنگلز میں ٹاپ سیڈ ہندوستان کی اشمیتا چالیہا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے ملائیشیا کی گوہ جن وی کو 21-10، 10-21، 17-21 سے ہرا کرآخری-8 میں داخلہ حاصل کر لیا۔
اشمیتا نے گزشتہ ماہ ہی کوریا ماسٹرز سپر 300 میں اپنا پہلا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور خطاب جیتا تھا۔ انہوں نے فائنل میں چین کی چوتھی سیڈ ہان چیان شی کو سخت مقابلے میں شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا تھا۔
عالمی رینکنگ میں 38 ویں نمبر پر براجمان اشمیتا گوہاٹی میں واقع نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس میں پارک تائی-سانگ کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن