
نئی دہلی، 3 ستمبر (ہ س)۔ کھیل وزارت نے بدھ کے روز جاپان کے آئچی-ناگویا میں 19 ستمبر سے شروع ہونے والے ایشیائی کھیل 2026 کے لیے بھارتی دستے کے 246 رکنی معاون عملے کی منظوری دے دی ہے۔ بھارت کے 503 کھلاڑی 36 کھیلوں میں حصہ لیں گے۔ ایتھلیٹکس اور کرکٹ کو سب سے بڑا معاون عملہ دیا گیا ہے۔
وزارت نے پہلے 35 کھیلوں میں 492 کھلاڑیوں پر مشتمل دستے کو منظوری دی تھی، لیکن بعد میں خاص طور پر ایتھلیٹکس میں کچھ نام شامل کیے گئے۔ ایتھلیٹکس دستے کی تعداد 73 سے بڑھ کر 79 ہو گئی ہے۔ چار سرفرز کو بھی منظوری ملنے کے بعد بھارت کی شرکت 36 کھیلوں میں ہو گئی ہے۔
اب بھارتی دستے کی مجموعی تعداد 768 ہو گئی ہے۔ اس میں 503 کھلاڑی، 246 معاون عملے کے ارکان اور 19 دستہ افسران شامل ہیں۔ دستہ افسران میں مشن چیف سہدیف یادو اور چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر دنشا پارڈی والا بھی شامل ہیں۔
زخمی جیولن تھرو اسٹار نیرج چوپڑا کی غیر موجودگی میں ایتھلیٹکس دستے کو سب سے بڑا 31 رکنی معاون عملہ ملا ہے۔ اس میں قومی کوچ پی. رادھا کرشنن کی قیادت میں 20 کوچ شامل ہیں۔
نیرج چوپڑا کے کوچ جے چودھری اور فزیو ایشان مروہا کو بھی معاون عملے میں جگہ ملی ہے۔ ریلائنس فاؤنڈیشن کے ایتھلیٹکس ڈائریکٹر اور چیف کوچ جیمز ہلیئر بھی دستے کا حصہ ہیں۔ وہ رنر گروندر ویر سنگھ کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
مردوں اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کو مسلسل دوسری بار طلائی تمغہ جیتنے کے ہدف کے ساتھ 20 رکنی معاون عملہ دیا گیا ہے۔ مردوں کی ٹیم کے ساتھ وی وی ایس لکشمن اور خواتین کی ٹیم کے ساتھ امول مزومدار ذمہ داری سنبھالیں گے۔ کرکٹ آپریشنز آفیسر معروف فزاندار کو ٹیم لیڈر بنایا گیا ہے۔
40 رکنی ہاکی دستے، جس میں مردوں اور خواتین دونوں کی ٹیمیں شامل ہیں، کے لیے 14 رکنی معاون عملے کو منظوری دی گئی ہے۔ اس میں چھ کوچ اور تین فزیوتھراپسٹ شامل ہیں۔
دو مرتبہ کی اولمپک تمغہ جیتنے والی منو بھاکر کی قیادت والے شوٹنگ دستے کے ساتھ 17 رکنی معاون عملہ ہوگا۔ اس میں 11 کوچ شامل ہیں۔ ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر پیئر بوشامپ، ٹریپ کوچ پیٹر ولسن اور پسٹل کوچ سمرش جنگ بھی دستے میں شامل ہیں۔
میرابائی چانو کی قیادت والے ویٹ لفٹنگ دستے کے ساتھ قومی کوچ وجے کمار موجود ہوں گے۔ 11 رکنی باکسنگ دستے کے ساتھ آٹھ رکنی معاون عملہ ہوگا، جس میں خواتین کے ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر سینتیاگو نیوا اور مردوں کے چیف کوچ سی. اے. کٹاپا شامل ہیں۔
20 رکنی بیڈمنٹن دستے میں قومی کوچ پُلیلا گوپی چند کے علاوہ انڈونیشیا کے ایرونشاہ اور ملائیشیا کے تن کم ہر جیسے غیر ملکی کوچ بھی شامل ہیں۔
ٹیبل ٹینس کے کوچنگ دستے میں سومیا دیپ رائے کا نام بھی شامل ہے۔ انہیں ٹوکیو اولمپکس کے بعد ٹاپ کھلاڑی منیکا بترا کی جانب سے عائد کیے گئے میچ فکسنگ کے الزامات کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد