
نئی دہلی، 03 ستمبر (ہ س)۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو نئی دہلی میں دفاعی سفارت کاری سے متعلق ’رکشا‘ دستاویز جاری کیا۔ اس میں آئندہ 10 برسوں کے دوران عالمی دفاعی شراکت داری کے لیے ہندوستان کے اسٹریٹجک روڈ میپ اور وژن کو پیش کیا گیا ہے۔ یہ دستاویز ہندوستان کی اسٹریٹجک وابستگی میں تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے، جس کا مقصد طویل مدتی استحکام اور باہمی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
اس روڈ میپ میں دو طرفہ اور کثیر ملکی سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری، مشترکہ فوجی مشقوں، تربیتی پروگراموں میں اضافہ اور دوست ممالک کے ساتھ بہترین طریقہ کار کا تبادلہ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان کو ایک قابل اعتماد عالمی دفاعی مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر قائم کرنے کے لیے ’میک اِن انڈیا‘ دفاعی پلیٹ فارم کو فروغ دینے کی بات کہی گئی ہے۔
دستاویز میں بحری سلامتی کے تحت بحر ہند کے خطے میں سکیورٹی فراہم کرنے والے اور اولین ردعمل دینے والے ملک کے طور پر ہندوستان کے کردار کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے، کیونکہ دفاعی سفارت کاری ہندوستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے۔ دستاویز میں آئندہ دہائی کے لیے ایک واضح اور قابلِ عمل وژن پیش کیا گیا ہے، تاکہ بدلتے ہوئے عالمی ماحول میں ہندوستان امن، استحکام اور قواعد پر مبنی عالمی نظام کا ایک اہم حصہ بنا رہے۔
اس موقع پر فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ، دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ، سکریٹری (دفاعی پیداوار) سنجیو کمار، وزارت خارجہ میں سکریٹری (مشرق) رودریندر ٹنڈن، نائب فضائیہ سربراہ ایئر مارشل آشو توش دکشت، نائب بحریہ سربراہ وائس ایڈمرل اجے کوچر، چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف سے چیف آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین ایئر مارشل تیجندر سنگھ اور وزارت دفاع، وزارت خارجہ اور قومی سلامتی کونسل سکریٹریٹ کے سینئر افسران موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ