
طلبہ تحریک کو لے کر انڈیا اتحاد کی چیف سکریٹری سے ملاقات، 48 گھنٹے میں کارروائی کا مطالبہ
رانچی، 03 ستمبر (ہ س)۔ رانچی میں طلبہ تحریک سے متعلق مسائل کے حوالے سے انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) کے وفد نے جمعرات کے روز جھارکھنڈ وزارت میں چیف سکریٹری اویناش کمار سے ملاقات کی۔ وفد نے طلبہ کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ تحریک کی آڑ میں مبینہ طور پر انتشار پھیلانے والوں کے خلاف 48 گھنٹے کے اندر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ رہنماوں نے واضح کیا کہ جمہوری طریقے سے احتجاج کرنے والے طلبہ کے حقوق اور مفادات کا تحفظ اتحاد کی اولین ترجیح ہے۔
چیف سکریٹری سے ملاقات کے بعد جے ایم ایم کے مرکزی جنرل سکریٹری ونود کمار پانڈے نے کہا کہ احتجاج میں شامل طلبہ اور شرپسند عناصر کو ایک ہی نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک سے وابستہ افراد کی شناخت دستیاب ویڈیو فوٹیج کی بنیاد پر کی جائے اور جو لوگ تخریبی سرگرمیوں میں ملوث پائے جائیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ونود پانڈے نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے مختلف ونگز طلبہ تحریک کی آڑ میں ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کر کے خاطیوں کی شناخت کرنے اور ان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وفد میں شامل کانگریس رہنما راجیش ٹھاکر نے بھی خاطیوں کے خلاف 48 گھنٹے کے اندر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن اور جمہوری انداز میں اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کرنے والے طلبہ کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔
وفد نے چیف سکریٹری کو طلبہ تحریک سے متعلق ویڈیو فوٹیج بھی سونپے۔ رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ ان فوٹیجز کی جانچ کر کے اصل مجرموں کی نشاندہی کی جائے اور بے قصور طلبہ کو ہراساں نہ کیا جائے۔ ساتھ ہی، انہوں نے سی جی ایل سمیت مختلف امتحانات سے متعلق معاملات میں سی آئی ڈی جانچ میں تیزی لانے اور پورے عمل میں شفافیت یقینی بنانے پر زور دیا۔
وفد نے کہا کہ طلبہ کے مفادات سے جڑے امور کا جلد از جلد حل نکالا جانا ناگزیر ہے، تاکہ احتجاجی صورتِ حال کو معمول پر لایا جا سکے۔ ساتھ ہی، امن و امان کو بگاڑنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔ چیف سکریٹری سے ملاقات کرنے والے وفد میں جے ایم ایم کے مرکزی جنرل سکریٹری ونود کمار پانڈے، وکاس منڈا، ایم ٹی راجہ، تورپا سے رکن اسمبلی سدیپ گڑیا، پردیش کانگریس صدر کیشو مہتو کملیش، راجیش کچھپ، سریش بیٹھہ، ممتا دیوی، راجیش ٹھاکر، منوج پانڈے اور عابد علی سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن