
پروفیسر پشپیندر ترپاٹھی، اے ایم یو کے شعبہ اطلاقی طبیعیات کے چیئرمین مقرر
علی گڑھ، 03 ستمبر (ہ س)۔ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اطلاقی طبیعیات (اپلائیڈ فزکس) کے پروفیسر پشپیندر ترپاٹھی کو 4 ستمبر 2026 سے آئندہ تین سال کی مدت کے لیے شعبہ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
پروفیسر ترپاٹھی کو تحقیق و تدریس کا 25 سال سے زیادہ کا تجربہ حاصل ہے۔ ان کی تحقیقی دلچسپیوں میں کنڈینسڈ میٹر فزکس، لو ڈائیمنشنل سسٹمز، نینو اسٹرکچرز اور نینو میٹیریئلز شامل ہیں۔ انہوں نے برطانیہ کی ایسیکس یونیورسٹی سے تھیوریٹیکل کنڈینسڈ میٹر فزکس میں پوسٹ ڈاکٹرل ریسرچ مکمل کی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے محکمہ سائنس و ٹکنالوجی کے ینگ سائنٹسٹ فاسٹ ٹریک پروجیکٹ کے تحت بحیثیت ریسرچ سائنس داں خدمات انجام دی ہیں۔
پروفیسر ترپاٹھی کے متعدد تحقیقی مقالے نینو اسٹرکچرڈ میٹیریئلز، سیمی کنڈکٹر فزکس، نینو میٹیریئلز کی ٹرانسپورٹ پراپرٹیزاور متعلقہ موضوعات پر معروف سائنسی رسائل ‘‘میٹیریلز کیمسٹری اینڈ فزکس’’، ‘‘جرنل آف الائز اینڈ کمپاؤنڈز’’، ‘‘اپلائیڈ سرفیس سائنس’’ اور ‘‘دی جرنل آف فزیکل کیمسٹری سی’’ میں شائع ہوچکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ