
نئی دہلی، 24 ستمبر (ہ س)۔ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے درمیان ہفتے کے چوتھے کاروباری روز جمعرات کو شیئر بازار شدید گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔ بازار کا معیاری اشاریہ بمبئی اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس 1248 پوائنٹس لڑھک گیا۔ وہیں، نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی بھی 384 پوائنٹس کے نقصان میں رہا۔ دونوں اہم اشاریوں کے لیے 8 جولائی کے بعد یہ ایک روزہ سب سے بڑی گراوٹ رہی۔
کاروبار کے اختتام پر 30 کمپنیوں پر مشتمل بی ایس ای کا سینسیکس 1247.71 پوائنٹس یعنی 1.67 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 73,580.54 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران ایک وقت یہ 1264.33 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 73,563.92 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا۔ وہیں، نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی بھی 383.70 پوائنٹس یعنی 1.64 فیصد ٹوٹ کر 23,063.10پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں میں سے 29 کے شیئر گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ ان میں بجاج فائنانس میں سب سے زیادہ 5.47 فیصد، ایکسس بینک میں 4.67 فیصد، بجاج فنسرو میں 4.06 فیصد، انٹرگلوب ایوی ایشن میں 2.78 فیصد، ٹرینٹ میں 2.75 فیصد اور مہندرا اینڈ مہندرا میں 2.31 فیصد کی گراوٹ رہی۔ این ٹی پی سی کے شیئر میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
اس کے علاوہ ایشیا کے دیگر شیئر بازاروں میں جاپان کا نکیئی تیزی کے ساتھ بند ہوا، جبکہ چین میں شنگھائی ایس ایس ای کمپوزٹ اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ وہیں، یورپ کے اہم شیئر بازاروں میں دوپہر کے کاروبار کے دوران گراوٹ کا رجحان رہا۔ امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی شرحِ تبادلہ 23 پیسے کمزور ہو کر 95.96 (عارضی) روپے فی ڈالر رہی۔
اس دوران نیشنل اسٹاک ایکسچینج آف انڈیا لمیٹڈ کا شیئر آج اپنے پہلے کاروباری روز تقریباً دو فیصد کی تیزی کے ساتھ 1,818 روپے پر بند ہوا۔ اس کے ساتھ این ایس ای کی بازار قدر 4.49 لاکھ کروڑ روپے رہی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں تیزی اور عالمی سطح پر کمزور رجحان کے درمیان ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ اور بینکنگ شیئروں میں فروخت کے دباو¿ سے شیئر بازار کا رجحان کمزور ہوا۔قابل ذکر ہے کہ بدھ کو بی ایس ای کا سینسیکس 299.17 پوائنٹس بڑھ کر 74,828.25 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جبکہ نفٹی 117.80 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 23,446.80 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد