
نوئیڈا، 24 ستمبر (ہ س):۔
گریٹر نوئیڈا کے جیور تھانہ علاقے میں جمنا ایکسپریس وے پر ڈبل ڈیکر بس میں آگ لگنے سے نو افراد کی موت ہو گئی۔ جمعرات کی شام تک پولیس چھ ہلاک شدگان کی شناخت کر سکی تھی، جبکہ تین کی شناخت ابھی نہیں ہو سکی ہے۔ شناخت کیے گئے افراد میں تین خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک شدگان کی شناخت کماری شروتی راوت (31)، دختر بالمکند، ساکن چھترپور، مدھیہ پردیش؛ اوشا دیوی (65)، اہلیہ پریم نارائن گپتا، ساکن مسکرا، ہمیرپور، اتر پردیش؛ ہر شرن گپتا (55)، ولد اودھ بہاری گپتا، ساکن جالون، اتر پردیش؛ دیویندر بھاردواج (60)، ولد پریم پال، ساکن حصار، ہریانہ؛ سروج گپتا (52)، اہلیہ اننت رام گپتا، ساکن ہمیرپور، اتر پردیش؛ اور میانک گپتا (28)، ولد سریش گپتا، ساکن ہمیرپور، اتر پردیش کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق آگ میں کچھ لاشیں بری طرح جھلس گئی ہیں، جس کی وجہ سے ان کی شناخت مشکل ہو رہی ہے۔ دیگر ہلاک شدگان کی شناخت کے لیے پولیس کوشش کر رہی ہے۔
جمنا ایکسپریس وے پر ڈبل ڈیکر بس میں آگ لگنے سے نو افراد کی موت کے معاملے میں بس میں سوار ہمیرپور کے رَٹھ علاقے کے رہنے والے سنیل کمار نے جیور تھانے میں بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کے خلاف غیر ارادی قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس روی شنکر نیم نے بتایا کہ پولیس نے اس معاملے میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 281، 125 بی، 105 اور 351(3) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق بس بدھ کی نصف شب دہلی کے کشمیری گیٹ سے 35 مسافروں کو لے کر جمنا ایکسپریس وے کے راستے مہوبا ضلع کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ جمنا ایکسپریس وے پر تقریباً 33 کلومیٹر آگے پہنچتے ہی چلتی بس میں اچانک آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ تقریباً 26 افراد کو بس سے باہر نکالا گیا، جبکہ نو افراد جھلسنے سے ہلاک ہو گئے۔ کچھ لوگ بس میں بھرے دھوئیں کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے تھے، جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ان کی حالت اب بہتر ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ یہ بس مدھیہ پردیش سے چلنے والی راج کلپنا ٹریولز کی ہے۔ یہ بس دہلی کے کشمیری گیٹ سے مہوبا جا رہی تھی۔ بس کا رجسٹریشن بہار میں ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بس کا فٹنس سرٹیفکیٹ راجستھان سے، جبکہ آلودگی کا سرٹیفکیٹ ہریانہ سے جاری کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس بس کا نوئیڈا میں کوئی اسٹاپ نہیں تھا۔ ان کے مطابق بس میں لگے ایئر کنڈیشنر میں اسپارک پیدا ہونے کے باعث آگ لگی۔
ادھر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو فی کس دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
وہیں وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی بس حادثے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم قومی راحت فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو فی کس دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ