
نئی دہلی، 24 ستمبر (ہ س)۔ کوئلہ وزارت نے ای-فضلے کے تصفیے، کباڑ کو ٹھکانے لگانے اور کام کی جگہوں کو جدید بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ وزارت 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک خصوصی مہم 6.0 کی قیادت کرے گی۔ اس کا مقصد صاف ستھری، پائیدار اور شہری مرکوز حکمرانی کو فروغ دینے کے ساتھ مضبوط ادارہ جاتی نظام کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
کوئلہ وزارت نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ وزارت 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک ’خصوصی مہم 6.0‘ منعقد کرنے جا رہی ہے، جس کا بنیادی مقصد ای-فضلے کا سائنسی طریقے سے تصفیہ، اسکریپ مینجمنٹ اور کام کی جگہوں کو جدید بنانا ہے۔ اس خصوصی مہم کے تحت وزارت کے تمام انتظامی دفاتر اور سرکاری شعبے کے اداروں (پی ایس یو) میں ای-فضلے کی منظم انداز میں جمع آوری، علیحدگی اور سائنسی تصفیے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وزارت نے کہا کہ خصوصی مہم 6.0 کے تیاری کے مرحلے کے لیے چیتنا شکلا (ڈی ڈی جی)، رابن گنگٹے (ڈی ایس) اور دیگر افسران نے 23 ستمبر کو یہاں لوک نائک بھون میں واقع ریکارڈ روم کا جائزہ لیا۔ اس عمل کے تحت فائلوں کی منظم درجہ بندی اور پرانے یا غیر ضروری ریکارڈ کی شناخت پر توجہ مرکوز کی گئی، تاکہ انہیں مقررہ مدت میں ہٹایا جا سکے۔
کوئلہ وزارت اپنے مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں (سی پی ایس ای)، سی سی او اور سی ایم پی ایف او کے ساتھ مل کر صفائی مہم کے لیے مقامات کی فعال طور پر نشاندہی کر رہی ہے۔ وزارت نے خصوصی مہم 6.0 کے لیے اہداف کی نشاندہی کی سمت میں 24 ستمبر تک اہم پیش رفت حاصل کر لی ہے۔
اس کے تحت صاف کیے جانے والے مقامات کی تعداد 1462، خالی کرائے جانے والے ایئریا کا رقبہ 1.21 کروڑ مربع فٹ، ٹھکانے لگائے جانے والے کباڑ کی مقدار 10,713 میٹرک ٹن، جائزے کے لیے منتخب کی جانے والی فزیکل فائلوں کی تعداد 10,189 اور ای-فائلوں کی تعداد 75,382 ہے۔
وزارت نے کہا کہ 30 ستمبر تک تیاری کا مرحلہ جاری رہنے کے ساتھ ان اعداد و شمار میں مزید اضافہ ہونے کی توقع ہے۔ کوئلہ وزارت خصوصی مہم 6.0 کے ذریعے صفائی ستھرائی میں بہتری، ریکارڈ مینجمنٹ کو منظم کرنے اور حکمرانی کی کارکردگی بڑھانے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد