
نوئیڈا، 24 ستمبر (ہ س): دہلی کے کشمیری گیٹ سے اتر پردیش کے مہوبا جانے والی ایک ڈبل ڈیکر بس میں بدھ کی نصف شب یمنا ایکسپریس وے کے 33ویں کلومیٹر پر اچانک آگ لگ گئی۔ حادثے کے وقت بس میں 35 افراد سوار تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، پولیس اور ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن کے ذریعے لوگوں کو بس سے باہر نکالا۔ اس حادثے میں ایک خاتون سمیت نو افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے باعث نصف شب سے آج صبح تک یمنا ایکسپریس وے پر افراتفری کا ماحول رہا۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے گیس کٹر کی مدد سے بس کو کاٹ کر اس میں پھنسی لاشوں کو باہر نکالا۔
ایڈیشنل پولیس کمشنر (لا اینڈ آرڈر) راجیو نارائن مشرا نے بتایا کہ ایک ڈبل ڈیکر بس بدھ کی نصف شب دہلی کے کشمیری گیٹ سے 35 مسافروں کو لے کر یمنا ایکسپریس وے کے راستے ضلع مہوبا کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ یمنا ایکسپریس وے پر 33ویں کلومیٹر تک پہنچتے ہی بس میں اچانک آگ لگ گئی۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ، پولیس اور ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے بعد تقریباً 26 افراد کو بس سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا، جبکہ ایک خاتون سمیت نو افراد جھلسنے سے جاں بحق ہوگئے۔ کچھ افراد بس میں بھرے دھویں کے باعث بے ہوش ہوگئے تھے، جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ان کی حالت اب بہتر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے باعث بس میں مکمل طور پر دھواں بھر گیا تھا اور حادثے کے وقت کچھ مسافر سو رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ متعدد مسافر سوئے ہونے کی وجہ سے بس میں پھنس گئے اور جھلسنے سے ان کی موت ہوگئی۔ ایڈیشنل کمشنر نے بتایا کہ موقع پر پہنچی پولیس نے بس کے شیشے توڑے اور گیس کٹر کی مدد سے بس کے کئی حصوں کو کاٹ کر اس میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالا۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ افراد کی شناخت ہوگئی ہے، تاہم ابھی کچھ لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس تمام افراد کی شناخت کرکے ان کے اہل خانہ کو اطلاع دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
بس میں سوار رنکی راجپوت نے بتایا کہ وہ نوئیڈا سے ڈبل ڈیکر بس میں سوار ہوئی تھیں اور اپنے گھر راٹھ جا رہی تھیں۔ حادثے کے وقت وہ سو رہی تھیں۔ ایک مسافر نے ان کے کیبن کا دروازہ زور زور سے پیٹ کر انہیں جگایا، جس کے بعد وہ بس سے باہر نکل آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسافروں میں اتنی افراتفری مچی ہوئی تھی کہ کسی نے اپنا سامان بھی نہیں اٹھایا۔ لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگ رہے تھے۔ اس حادثے میں متعدد افراد کا سامان، نقدی، زیورات، موبائل فون اور دیگر اشیا بھی جل گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ بس میں سوار رنکی کے مطابق اس حادثے میں نو سے زیادہ افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد