
انوپ پور، 23 ستمبر (ہ س)۔
بارش کے موسم کے ساتھ ہی مدھیہ پردیش کے امرکنٹک کے بازار میں ان دنوں جنگلی مشروم ’بھونڈو پیہری‘ کی آمد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ جنگلوں میں قدرتی طور پر دستیاب یہ موسمی جنگلاتی پیداوار اپنے خاص ذائقے اور محدود دستیابی کی وجہ سے مقامی باشندوں کے درمیان کافی مقبول ہے۔ امرکنٹک کے بازار میں پیہری کی خریداری کے لیے لوگوں کی اچھی خاصی بھیڑ دیکھی جا رہی ہے۔
ان دنوں بازار میں پیہری کی قیمت 400-350 روپے فی کلو تک ہے۔ گاہکوں کی سہولت کے لیے اسے 100 روپے پاو کے حساب سے بھی فروخت کیا جا رہا ہے۔ بارش کے موسم میں جنگل سے ملنے والی اس پیداوار کی مانگ بنی ہوئی ہے اور مقامی لوگ اسے بڑے شوق کے ساتھ خرید رہے ہیں۔
جنگل سے بازار تک پہنچ رہی پیہری
چھتیس گڑھ کے گوریلا-پینڈرا-مروائی ضلع کے کیوچی ساکن نریش یادو، پرسرام یادو اور دلیپ یادو نے بتایا کہ جنگلاتی علاقوں میں رہنے والے دیہی لوگ جنگلوں سے پیہری جمع کر کے بازار تک پہنچاتے ہیں۔ گاوں والوں سے پیہری تقریباً 350-300 روپے فی کلو کے حساب سے خریدی جاتی ہے، جسے امرکنٹک بازار میں تقریباً 400 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
گاوں والوں کے مطابق پیہری مکمل طور پر موسمی جنگلاتی پیداوار ہے۔ برسات کے موسم میں اس کی دستیابی تقریباً ایک ماہ تک رہتی ہے۔ فی الحال بازار میں اس کی آمد جاری ہے اور اگلے تقریباً 15 دنوں تک جنگل سے پیہری ملنے کا امکان بتایا جا رہا ہے۔ اس کے بعد اس کی دستیابی رفتہ رفتہ کم ہونے لگتی ہے۔
سبزی سے لے کر چٹنی تک میں استعمال
بھونڈو پیہری اپنے منفرد ذائقے کے سبب مقامی کھانے پینے میں خاص مقام رکھتی ہے۔ دیہی اور مقامی باشندے اس کا سالن بنا کر کھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پیہری سے چٹنی بھی تیار کی جاتی ہے، جسے مقامی لوگوں کے درمیان بے حد پسند کیا جاتا ہے۔
کیوچی کے ساکن نریش یادو نے بتایا کہ بارش کے موسم میں پیہری کی آمد کا مقامی لوگوں کو بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ جنگل سے محدود مدت کے لیے ملنے والی اس پیداوار کا ذائقہ عام مشروم سے مختلف مانا جاتا ہے، جس کی وجہ سے بازار میں اس کی طلب برقرار رہتی ہے۔
بڑے شہروں میں قیمت اور زیادہ
مقامی تاجروں کے مطابق، بڑے شہروں میں اس قسم کی جنگلی مشروم کی قیمت 800-700 روپے فی کلو تک پہنچ جاتی ہے۔ اس کے مقابلے امرکنٹک کے بازار میں 400-350 روپے کلو کے نرخ پر پیہری دستیاب ہونے کی وجہ سے مقامی خریداروں کے ساتھ یہاں آنے والے سیاح بھی اسے خریدنے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔
امرکنٹک کے آس پاس کے جنگلاتی علاقوں سے نکل کر بازار تک پہنچنے والی بھونڈو پیہری یہاں کی روایتی غذائی ثقافت اور جنگلاتی خطے کی قدرتی پیداوار کی پہچان بھی بن گئی ہے۔ بارش کے موسم میں محدود مدت کے لیے ملنے والی یہ موسمی جنگلی سبزی بازار کی رونق بڑھانے کے ساتھ لوگوں کی دسترخوان پر بھی اپنی خاص جگہ بنائے ہوئے ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن