مرسڈیز ورکشاپ میں لگی خوفناک آتشزدگی، آٹھ کاریں جل کرراکھ
جے پور، 23 ستمبر (ہ س):۔ سانگانیر صدر تھانہ علاقے کے سیتاپورہ واقع بالاجی مارکیٹ میں مرسڈیز کمپنی کی ورکشاپ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب خوفناک آگ لگ گئی۔ آگ کی زد میں آنے سے ورکشاپ میں کھڑی تقریباً آٹھ لگژری کاریں، ایکسیسریز اور مہنگے پرزے جل
مرسڈیز ورکشاپ میں لگی خوفناک آتشزدگی، آٹھ کاریں جل کر خاک


جے پور، 23 ستمبر (ہ س):۔

سانگانیر صدر تھانہ علاقے کے سیتاپورہ واقع بالاجی مارکیٹ میں مرسڈیز کمپنی کی ورکشاپ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب خوفناک آگ لگ گئی۔ آگ کی زد میں آنے سے ورکشاپ میں کھڑی تقریباً آٹھ لگژری کاریں، ایکسیسریز اور مہنگے پرزے جل کر راکھ ہوگئے۔ آگ اتنی شدید تھی کہ دھوئیں کا گہرا بادل تقریباً پانچ کلومیٹر دور تک دکھائی دے رہا تھا۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

آگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ تیزی سے پھیل رہی تھی، جس کے پیش نظر آس پاس کے علاقے کی بجلی کی سپلائی بند کر دی گئی۔

فائر افسر اوشا شرما کے مطابق تقریباً 10 فائر ٹینڈروں نے کئی چکر لگائے اور دو درجن سے زیادہ مرتبہ کارروائی کرتے ہوئے تقریباً دو گھنٹے کی سخت کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس دوران فائر بریگیڈ اہلکاروں اور پولیس نے ورکشاپ میں کھڑی کئی کاروں کو بحفاظت باہر نکال لیا، جس سے بڑے نقصان کو ٹالا جا سکا۔

تھانہ انچارج کملیش شرما کے مطابق جس وقت آگ لگی، اس وقت ورکشاپ میں نئی اور پرانی 50 سے زیادہ مہنگی کاریں کھڑی تھیں۔ آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث ورکشاپ میں موجود کاروں، ایکسیسریز اور قیمتی پرزوں کو نقصان پہنچا۔ تاہم بروقت امدادی کارروائی شروع کیے جانے سے کئی کاروں کو آگ کی زد میں آنے سے بچا لیا گیا۔

ورکشاپ کے قریب ہی لگژری کاروں کا ایک شوروم بھی واقع ہے۔ اگر آگ وہاں تک پہنچ جاتی تو نقصان مزید بڑھ سکتا تھا۔ آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں شارٹ سرکٹ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande